مدھیہ پردیش کے کھرگون ٹاؤن میں فرقہ وارانہ تشدد - کرفیو نافذ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-24

مدھیہ پردیش کے کھرگون ٹاؤن میں فرقہ وارانہ تشدد - کرفیو نافذ

کھرگون، مدھیہ پردیش
پی ٹی آئی
مدھیہ پردیش کے شہر کھرگون میں کلش ام وجئے دشمی ریالی کے اختتام کے ساتھ ہی شر پسندوں نے مسلم علاقوں کو نشانہ بنانا شروع کردیا۔ مساجد، مکانات اور گاڑیوں کو آگ لگاد ی۔ اس واقعہ میں چار افراد زخمی ہوگئے ۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے پولیس نے شہر میں کرفیو نافذ کردیا اور اشرار کو دیکھتے ہی گولی ماردینے کے احکام جاری کردئیے گئے ۔ پولیس نے صورتحال پر قابو پانے آنسو گیاس کا بھی استعمال کیا۔ تشد د میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے سلسلے میں تقریبا100افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ شہر کھرگون میں محرم اور نوراتری کے ایک ساتھ آنے کی وجہ سے چند دن سے کشیدگی کا ماحول پیدا ہوگیا تھا جب کہ دو دن قبل شر پسندوں نے مسلم بچوں پر حملہ کرکے انہیں زخمی کردیا تھا ۔ اس کے باوجود مسلمانوں نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا تاکہ فساد کی صورتحال پیدا نہ ہوسکے لیکن شر پسندوں نے ہمیشہ کی طرح مسلمانوں کی جانب سے جلوسیوں پر سنگباری کا بہانہ بناتے ہوئے منظم انداز میں پر تشدد کارروائی شروع کردی ۔ وجئے دشمی ریالی سے قبل ہی مسلمانوں نے شر پسندوں کے ناپاک عزائم سے پولیس کو واقف کراتے ہوئے موثر انتظامات کا مطالبہ کیا تھا لیکن اس جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔ ریالی میں شامل شرپسندوں نے مساجد میں توڑ پھوڑ کی اور ایک مسجد کی بے حرمتی بھی کی۔ سنجے نگر، اندرا نگر ، چوٹھی موہن ٹالکیز، تاؤڑی محلہ ، قاضی پور ، تالاب چوک علاقوں میں حالت کشیدہ بتائے گئے ہیں۔ پولیس نے ان علاقوں کی ناکہ بندی کردی ہے۔ بعض علاقوں میں پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے لاٹھی چارج اور آنسو گیس شل برسائے۔ بتایاجاتا ہے کہ یہ سب کچھ پولیس کی موجودگی میں ہوتا رہا ۔ پولیس نے الٹا مسلمانوں کے گھروں پر دھاوے کرتے ہوئے کئی مسلم نوجوانوں کو حراست میں لے لیا ۔ سب سے زیادہ تاؤڑی محلہ متاثر ہوا جہاں مسلمانوں کے چند مکانات تھے ، جنہیں اشرار نے آگ لگا دی ۔ تشدد پھیلتے ہی ضلع کلکٹر نیرج دوبے نے ٹاؤن میں غیر معینہ مدت کا کرفیو نافذ کردیا۔ کھرگون ریاستی دارالحکومت بھوپال سے تقریبا تین سو کلو میٹ دور ہے۔ پڑوسی اضلاع سے اضافی سیکوریٹی فورسیس بھیجنے کی خواہش کی گئی ہے اور انہیں شہر میں تعینات کیا گیا ہے ۔ پولیس تشدد میں ملوث افراد کی شناخت کرنے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لے رہی ہے انہیں گرفتار کرنے کی مہم شروع کردی گئی ہے ۔ ایک تلاشی مہم بھی شروع کی گئی ہے جس کے دوران گڑ بڑ زدہ علاقوں سے کئی مکانات سے پتھر، تلوار اور پٹرول بم برآمد کئے گئے ہیں۔ کلکٹر نے بتایا کہ زخمیوں کو شہر کے ایک ہاسپٹل میں شریک کرایا گیا ہے ۔

Communal Clashes In Khargone, Curfew Imposed in Madhya Pradesh Town After Violence on Dussehra

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں