تلنگانہ اوورسیز اسکالرشپس فہرست کو قطعیت دینے کا کام جاری ۔ طالبات کو 33 فیصد کوٹہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-02

تلنگانہ اوورسیز اسکالرشپس فہرست کو قطعیت دینے کا کام جاری ۔ طالبات کو 33 فیصد کوٹہ

حیدرآباد
اعتماد نیوز
اقلیتی طلبہ کے لئے بیرونی ممالک کی یونیورسٹیز میں اعلیٰ تعلیم کے لئے اسکالر شپس کی فراہمی اسکیم کے تحت استفادہ کنندگان کے انتخاب کا طریقہ کار ابھی مکمل نہیں ہوا ہے اسی لئے حکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں ابھی تک کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جناب محمد جلال الدین اکبر آئی ایف ایس نے بتایا کہ طلبہ کے انتخاب کے طریقہ کار کے عدم تکمیل کی وجہ سے ابھی تک کوئی رسمی اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔ اسکیم کے آغاز کے بعد یہ پہلا موقع ہے اس مرتبہ جو قواعد و ضوابط ترتیب دئیے جارہے ہیں ان پر مستقل طور پر عمل آوری کی جائے گی ۔ اس لئے اس اسکیم کو تعطل کا شکار قرار دینا قبل از وقت ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ سکریٹری اقلیتی بہبود جی ڈی ارونا آئی اے ایس چاہتی ہیں کہ اس اسکیم کے تحت لڑکیوں کو33فیصد کوٹہ دیاجائے ۔ اوور سیز اسکالر شپس اسکیم کے تحت طالبات کی خاطر خواہ تعداد نے درخواستیں داخل نہیں کیں ۔ ابھی اس بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے کہ آیا طالبات کی موجودہ درخواستوں کی یکسوئی کردی جائے یا صرف طالبات کی درخواستیں طلب کرتے ہوئے ان کے کوٹہ کو پورا کیاجائے ۔ جناب ایم جے اکبر نے بتایا کہ280درخواستوں کو اہل قرار دیا گیا تھا لیکن حکومت کے پاس اس اسکیم کے لئے25کروڑ روپے کاموازنہ رکھا گیا ہے ۔ اس اعتبار سے قواعد و ضوابط کے تحت تمام شرائط کی پابندی کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ ہر طالب علم کو کم از کم پانچ لاکھ روپے اور یکطرفہ فضائی کرایہ فراہم کرنا ضروری ہے ، اس حساب سے طلبہ کی تعداد کو قطعیت دی جائے گی ۔ طلبہ کے انتخاب میں تحفظات پر بھی عمل آوری کرنا ہے ۔ اس میں تمام اقلیتی طبقات کو نمائندگی فراہم کرنا ہے ۔ حکومت یہ چاہتی ہے کہ تمام اہل درخواست گزاروں کی درخواستوں میں سے33فیصد طالبات کا کوٹہ ، دیگر اقلیتی طبقات کو آبادی کے مطابق کوٹہ فراہم کرنا جیسی چیزوں کو یقینی بنایاجائے ۔ اس اسکیم کے سلسلہ میں جناب سید عمر جلیل آئی اے ایس نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ جو قواعد تیار کئے تھے ان کی عدم موجودگی کے سبب اس اسکیم کو قطعیت دینا مشکل ہوگیا ہے ۔ سرکاری احکامات کے مطابق ٹوفل، جی آر ای اور دیگر انگریزی کے مسابقتی امتحانات میں شرکت بھی لازمی ہے ۔ اس شرط پر عمل آوری کے ساتھ داخلوں کو قطعیت دینے کا منصوبہ ہے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود نے بتایا کہ طلبہ کی فہرست کو قطعیت دینے کا کام ابھی جاری ہے۔ اوورسیزاسکالر شپس کی اجرائی کے لئے زیادہ نشانات کے حامل طلبہ کو ترجیحی بنیادوں پر منتخب کیاجائے گا ۔ میرٹ کی اساس پر زیادہ سے زیادہ طلبہ کو موقع فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ تاہم اس سلسلہ میں کوئی اعلان قبل از وقت ہوگا ۔ انہوں نے درخواست گزاروں کو مشورہ دیا کہ وہ انتظار کریں ، حکومت اس سلسلہ میں بہت جلد کوئی فیصلہ کرے گی۔

telangana overseas scholarship no selection still 33% for girls

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں