نشستوں کی تقسیم پر این ڈی اے میں بغاوت کی لہر شروع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-17

نشستوں کی تقسیم پر این ڈی اے میں بغاوت کی لہر شروع

پٹنہ
پی ٹی آئی
بہار میں این ڈی اے کو آج اس وقت بڑا دھکا لگا جب ایل جے پی کے رکن پارلیمنٹ نے پارٹی میں جنرل سکریٹری کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا جب کہ بی جے پی کے دو ارکان اسمبلی نے پارٹی کی جانب سے انہیں ٹکٹ نہ دینے پر چیف منسٹر نتیش کمار سے ملاقات کی ۔ بی جے پی کے پانچ موجودہ ارکان اسمبلی کوٹکٹ دینے سے انکار زعفرانی پارٹی کے لئے مہنگا ثابت ہورہا ہے جب کہ پارٹی کے رکن اسمبلی پی امن پاسوان نے ٹکٹ سے محرومی کے لئے پارٹی کے ایک سابق رکن پارلیمنٹ کو مورد الزام ٹھہرایا ۔ لوک سبھا کے رکن رام کشور سنگھ نے ایل جے پی کے قومی جنرل سکریٹری اور پارلیمانی پارٹی کے چیف وہپ کی حیثیت سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔ سنگھ نے آج ایک صحافتی بیان میں کہا کہ وہ راجستھان میں پارٹی امور کے انچارج کا عہدہ بھی چھوڑ رہے ہیں ۔ رکن پارلیمنٹ طویل عرصہ سے ایل جے پی سربراہ اور مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان سے وابستہ رہے ہیں ۔ انہوں نے این ڈی اے میں نشستوں کی تقسیم کے عمل میں انہیں نظر انداز کردینے کا الزام لگایا۔ این ڈی اے کے انتخابی سمجھوتہ کے تحت ایل جے پی کو 40نشستیں ملی ہیں ۔ جس پر سینئر پارٹی قائدین ناراض ہیں ۔ حال ہی میں پاسوان کے فرزند اور پارلیمانی باورڈ کے سربراہ چراغ پاسوان نے بھی ناراضگی کا اظہار کیا اور بی جے پی صدر امیت شاہ سے ملاقات کی ۔ اسی دوران ٹکٹوں سے انکار پر برہم دو بی جے پی ارکان اسمبلی امن کمار اور اجئے منڈل نے چیف منسٹر نتیش کمار سے ملاقات کی اور اشارہ دیا کہ وہ انتخابات میں عظیم سیکولر اتحاد میں شامل ہوجائیں گے ۔ چیف منسٹر کی رہائش گاہ سے باہر آنے کے بعد امن نے جو بھاگلپور ضلع میں پیرپینتی حلقہ سے اسمبلی میں نمائندگی کرتے ہیں، صحافیوں سے کہا کہ انہیں ٹکٹ نہ دینے کے فیصلہ پر چیف منسٹر نے بھی حیرت کا اظہار کیا ہے۔ چوں کہ بی جے پی نے انہیں نظر انداز کردیا ۔ اس لئے وہ دوسری پارٹی میں چلے جائیں گے ۔ نتیش کمار کے ساتھھ ان کے اچھے تعلقات ہیں ۔بی جے پی کے ایک اور رکن اسمبلی اجئے منڈل نے جو اسی ضلع میں ناتھ نگر اسمبلی حلقہ سے نمائندگی کرتے ہیں کمار سے ملاقات کرتے ہوئے بغاوت کا اشارہ دیا ۔ سمجھاجاتا ہے کہ دونوں ارکان نے نتیش سے جنتادل یو ٹکٹ دینے کی اپیل کی۔ پیر پینتی سے بی جے پی نے للن پاسوان کو ٹکٹ دیا ہے، جنہوں نے پارٹی میں شامل ہونے کیلئے آر جے ڈی سے بغاوت کی ۔ ذرائع کے مطابق نتیش کمار نے پاسوان کو کوئی تیقن نہیں دیا اور انتظار کرنے کے لئے کہا۔ پاسوان نے کمار سے ملاقات کے بعد بی جے پی لیڈر و سابق رکن پارلیمنٹ سید شاہنواز حسین پر گندی سیاست کھیلنے کا الزام لگایا اور ٹکٹ سے محرومی کے لئے انہیں ذمہ دار قرار دیا ۔ امن پاسوان نے کہا کہ شاہنواز حسین نے پیر پینتی سے للن پاسوان کو ٹکٹ دلوایا ہے جو رام کا پتلا نذر آتش کرنے کے لئے شہرت رکھتے ہیں۔ توقع ہے کہ ٹکٹ کی امید میں امن پاسوان جنتادل یو میں شامل ہوجائیں گے ۔ بی جے پی کے پانچ ارکان اسمبلی کے نام43امید واروں کی فہرست میں شامل نہیں ہیں جو کل رات نئی دہلی میں جاری کی گئی ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں