ہند آسیان تعلقات نئی بلندیوں کو چھو لیں گے - نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-17

ہند آسیان تعلقات نئی بلندیوں کو چھو لیں گے - نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری

نام پن
پی ٹی آئی
تجارت، ثقافت ، اور ارتباط ہند۔ آسیان تعلقات کو آگے لے جارہے ہیں ۔ نائب صدر جمہوریہ ہند حامد انصاری نے آج کہا کہ یہ تعلقات نئی بلندیوں کو چھونے والے ہیں ۔ وہ یہاں کمبوڈیا کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ خطہ میں سرمایہ کاری میں اضافہ اور ہندوستان کے دخل کو بڑھانے پر بات چیت کررہے تھے ۔ انصاری، کمبوڈیا کے سہ روزہ دورہ پر یہاں آئے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے وزیر اعظم کمبوڈیا یاہن سین سے پیس پیلیس میں وسیع تر بات چیت کی۔ بعد ازاں وفد کی سطح پر بات چیت ہوئی اور دو یادداشت مفاہمت پر دستخط ہوئے جن میں ایک سیاحت اور دوسرے فوری اثر والے پراجکٹس سے متعلق ہیں ۔ وزیر اعظم ہن سین سے ملاقات میں انصاری نے انہیں حکومت ہند کے اس فیصلہ سے مطلع کیا کہ وہ تعاون پروگرام کے تحت کئی پراجکٹس میں مدد کے لئے تیار ہے ۔ یہ پراجکٹس صحت، زراعت اور خواتین کو با اختیار بنانے سے متعلق ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پراجکٹس مقامی برادریوں کے لئے فائدہ مند ہوں گے اور اس سے عوام کی فلاح و بہبود میں مدد ملے گی ۔ انصاری نے مجلس وزرا سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ کسی بیرونی قائد کا ایسا یہ پہلا خطاب تھا۔ فریقین نے تجارت و صنعت کو بڑھاوا دینے کے امکانات پر بھی بات چیت کی ۔ باہمی سرمایہ کاری کے تحفظ پر بھی آمادگی ہوئی ۔ وزارت خارجہ میں معتمد مشرق انیل وادوا نے میڈیا بریفنگ میں یہ بات بتائی ۔ ہند۔ آسیان تعلقات سے متعلق انصاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہندوستان اور آسیان ممالک کے مابین موجودہ معاشی تعلقات صنعتی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقع پر مبنی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کمبوڈیا، لاؤس، ویت نام اور میانمار ، آسیان کے ایسے ممالک ہیں جن سے ہندوستان کا خصوصی لگاؤ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ممالک میں بعض خطہ میں تیزی سے فروغ پاتی معیشتیں ہیں ۔ بنیادی طور پر یہ زرعی ممالک ہیں ۔ تجارت، ثقافت اور ارتباط کی بنیاد پر ہندوستان اور ان ممالک کا مضبوط رشتہ بنتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کمبوڈیا کا میرا دورہ اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ ہندوستان کمبوڈیا کو کتنی اہمیت دیتا ہے ۔ جغرافیائی لحاظ سے کمبوڈیا ، آسیان کے قلب میں واقع ہے ۔

India-ASEAN ties poised to scale new heights: Vice President Hamid Ansari

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں