ڈاکٹروں پر انسانیت کی خدمت کی بھاری ذمہ داری - وزیر اعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-12

ڈاکٹروں پر انسانیت کی خدمت کی بھاری ذمہ داری - وزیر اعظم مودی

چندی گڑھ
پی ٹی آئی ، آئی اے این ایس
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج مہاتما گاندھی اور سوامی وویکانند کے اقوال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹروں پر انسانیت بالخصوص غریبوں کی خدمت کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ انہوں نے جامع اور احتیاطی نگہداشت صحت کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ مہاتما گاندھی کے طلسمان کا حوالہ دیتے ہوئے جس میں غریب تین اور کمزور ترین افراد کے مفاد میں کام کرنے کی تلقین کی گئی ہے ، مودی نے کہا کہ آج جلسہ تقسیم اسناد میں بھی آپ سے یہی گزارش کروں گا کہ آپ ایک بھاری ذمہ داری کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں اور ایک ایسے شعبہ سے وابستہ ہیں جہاں آپ کو نہ صرف اپنے بارے میں بلکہ دوسروں کے بارے میں بھی فیصلہ کرنا ہے ۔ جب آپ کسی مخصوص صورتحال کے بارے میں الجھن یا غیر یقینی کا شکار ہوں ، جب آپ کو یہ سوچنا پڑے کہ میں یہ کروں یا وہ کروں تو اس وقت لمحہ بھر کے لئے اس غریب شخص کے بارے میں سوچیں جس نے آپ کی زندگی میں کوئی رول ادا کیا ہو، آپ کے بارے میں سوچا ہو، اسے یاد کریں اور آپ جو فیصلہ لینا چاہتے ہیں وہ خود بہ خود ہوجائے گا ۔ وزیر اعظم نے پوسٹ گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل ایجوکیشن اینڈریسرچ کے34ویں جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم اپنے فیصلے کرتے وقت یہی طریقہ(غریبوں کے مفاد کو ترجیح دینا) ذہن میں رکھیں تو ہندوستان کو کبھی کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی ۔ مودی نے جو اس تقریب میں مہمان خصوصی تھے، غیر معمولی ریسرچ اور تعلیمی مہارت پر نو طلبہ میں گولڈ میڈل بھی تقسیم کئے ۔ اس تقریب میں گورنر پنجاب و ہریانہ کپتان سنگھ سولنکی ، مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا ، چنڈی گڑھ کی بی جے پی رکن پارلیمنٹ کرن کھیر اور دیگر نے بھی شرکت کی ۔ مودی نے امریکہ میں9/11کے دہشت گرد حملوں کی برسی کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی تقریر شروع کی کہا کہ آج11ستمبر ہے لیکن جب ہم اس انداز میں یہ کہتے ہیں تو ہمیں یہ یاد نہیں آئے گا کہ آج کے دن کیا ہوا تھا ۔ بہر حال جب ہم9/11کہتے ہیں تو آج کے واقعات ہمیں فوری یاد آجاتے ہیں ۔ کہ آج کا دن تاریخ میں کس طرح درج کیا گیا تھا ۔ آج ہی کے دن انسانیت کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی تھی ۔ ہزاروں افراد ہلاک ہوئے تھے۔ آج9/11بھی ہے جب نوجوان ڈاکٹرس اس ادارہ سے باہر قدم رکھ رہے ہیں تاکہ دوسروں کی جان بچانے کا کام انجام دیں۔ ہلاک کرنا بے حد آسان ہے لیکن ہمیں اپنی ساری زندگی کسی کی جان بچانے کے لئے مختص کرنا ہے ۔آئی اے این ایس کے بموجب وزیر اعظم نریندر مودی نے آج سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو کی ستائش کی اور انہیں جمہوریت کا پابند قابل احترام لیڈر قرار دیا ۔ ضلع سہارنپور کے سرسوا میں مختصر سے توقف کے دوران جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کانگریس کو نشانہ تنقید بنایا اور اس پر الزام عائد کیا کہ2014کے لوک سبھا انتخابات میں شکست کے باوجود وہ بے حد مغرور ہے ۔ انہوں نے کہ اکہ جب چالیس کانگریس ارکان پارلیمنٹ نے مانسون سیشن کے دوران لوک سبھا کو یرغمال بنالیا تھا اور کوئی کارروائی چلنے نہیں دے رہے تھے تو اس وقت ملائم سنگھ نے ان کے اس رویہ کے خلاف آواز اٹھائی تھی ۔ انہوں نے جمہوری اقدار کے لئے کانگریس سے ناطہ توڑ لیا تھا۔ ملائم سنگھ کو آدرنیہ ملائم سنگھ جی کہہ کر مخاطب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ سابق چیف منسٹر اتر پردیش سیاسی طور پر ان کے مخالف ہیں اور ان پر سخت تنقیدیں کرتے ہیں لیکن جمہوریت کی خاطر ملائم سنگھ جی نے اپنے منصفانہ رائے ظاہر کی ۔

doctors have a huge responsibility in serving humanity, PM Modi
Don't forget contribution of poor people, Modi tells young docs

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں