بہاری بے حد ذہین ہوتے ہیں - مودی - ڈی این اے ریمارک کا ازالہ کرنے کی کوشش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-02

بہاری بے حد ذہین ہوتے ہیں - مودی - ڈی این اے ریمارک کا ازالہ کرنے کی کوشش

بھاگلپور
پی ٹی آئی
اپنے ڈی این اے ریمارک پر چیف منسٹر بہار نتیش کمار کی جانب سے شدید حملوں سے پریشان وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اس کا ازالہ کرنے کی کوشش کرتے ہوئے بہاری عوام کو بیحد ذہین قرار دیا۔ انہوں نے کمار اور آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو پر صدر کانگریس سونیا گاندھی کے ساتھ ایک پلیٹ فارم پر کھڑے ہوتے ہوئے قدر آور سوشلسسٹ قائدین جیسے رام منوہر لوہیا اور جئے پرکاش نارائن کا ورثاء قربان کردینے کا الزام لگایا۔ انتخابی ریاست میں بی جے پی کے ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے اپنے حریف آر جے ڈی ۔ جنتادل یو پر تیکھا وار کیا اور ان پر اپنے25سال دور اقتدارمیں فرقہ پرستی اور ذات پات کا زہر پھیلانے کا الزام لگایا ۔ اس جلسہ عام کو عظیم سیکولر اتحاد کے زبردست سوابھیمان جلسہ کا جواب سمجھا جارہا ہے۔ مذکورہ جلسہ میں سونیا گاندھی ، نتیش کمار اور لالو پرساد کے علاوہ سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو کے بھائی شرپال نے شرکت کی تھی۔ مودی نے دعویٰ کیا کہ ریاست میں پہلی مرتبہ انہوں نے ترقی کو انتخابی ایجنڈہ بنادیا۔ بہار کے عوام نے ترقی کوووٹ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے، اب این ڈی اے کے فتح مارچ کو خواہاں کتنی بھی جماعتیں اور قائدین اکٹھا ہوجائیں، کوئی روک نہیں سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ کمار اور یادو نے ان(کانگریس) سے ہاتھ ملایا جنہوں نے ان کے نظریاتی لیڈر جئے پرکاش کو جیل میں ڈال دیا تھا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ووٹ کے ذریعہ ایسے لوگوں کو قربان کردیں ۔ اپنے ڈی این اے ریمارک پر کمار اور لالو کی شدید تنقید کا سامنا کرنے پر مودی نے آج ریاست کے عوام کی زبردست ستائش کی اور کہا کہ بہار میں بیحد ذہین لوگ رہتے ہیں ۔ وزیر اعظم نے جنہوں نے قبل ازیں ریاست کے لئے1.25لاکھ کروڑ روپے کے پیاکیج کا اعلان کیا تھا نتیش کمار کے2.70لاکھ کروڑ کے پیاکیج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر بہار نے ان کے1.25لاکھ کروڑ کے پیاکیج کا مضحکہ اڑایا اور خود ہی2.70لاکھ کروڑ کے پیاکیج کا اعلان کردیا۔ انہوں نے میرے پیاکیج پر تنقید کے دو یا تین دن بعد ہی سمجھ لیا کہ عوام ان کے چکر میں آنے والے نہیں ہیں چنانچہ انہیں اپنے ترقیاتی پیاکیج کا اعلان کرنے پر مجبور ہونا پڑا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ بہار میں ترقی ایک انتخابی موضوع بن گیا ہے ۔

PM Modi makes amends for DNA jibe, says Biharis most intelligent

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں