سری لنکا میں مواصلاتی اقدامات کا خیر مقدم - وزیراعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-16

سری لنکا میں مواصلاتی اقدامات کا خیر مقدم - وزیراعظم مودی

نئی دہلی
یو این آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے سری لنکا میں ٹامل طبقہ کے لئے رانیل وکرما سنگھے حکومت کی جانب سے کئے گئے حالیہ اقدامات کا خیر مقدم کرتے ہوئے آج اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ہم حکمت و فراست اور ملک کی قیادت کی خواہش کے مطابق سری لنکا حقیقی تصفیہ و صلح اور ترقی حاصل کرے گا۔ اور ملک کے عوام انصاف اور برابری کے ساتھ متحدہ سری لنکا میں رہیں گے ۔ سری لنکا نے اس سال دو مرتبہ تبدیلی، اصلاحات ، مصالحت اور ترقی کے حق میں دو مرتبہ ووٹ کیا ہے۔ سری لنکا کی جمہوری روایات کا اس سے بہتر کوئی اظہار نہیں ہوسکتا ہے ۔ پر امن، شمولیت پر مبنی اور خوشحال مستقبل کی سمت میں سری لنکا کی پیشرفت سے متعلق اس سے زیادہ واضح کوئی علامت نہیں ہوسکتی ۔ ایک قریبی پڑوسی اور دوست کی حیثیت سے ہم سری لنکا کی کامیابی اور ترقی کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں ۔ اور ہندوستان کی طرف سے اٹوٹ تعاون کا یقین دلاتے ہیں ۔ ہمیں خوشی ہے کہ سری لنکا کی حکومت نے حال میں متعدد اہم اقدامات کئے ہیں۔ عظم توقعات کے دور میں سری لنکائی قیادت نے قابل ذکر سیاسی اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ سری لنکائی قیادت کی دانشمندی اور قوت ارادی نیز عوام کی حمایت سے سری لنکا حقیقی مصالحت اور ترقی کے منازل طے کرے گا تاکہ ایک متحدہ سری لنکا کے اندر سری لنکا کی تمل برادری سمیت سبھی سری لنکائی عوام اور مساوات، انصاف ، امن اور وقار کی زندگی بسر کرسکیں گے ۔ آپ کی ترقی ہمارے دونوں ملکوں، جنوبی ایشیا اور ہمارے سمندری علاقے کے لئے اہم ہے۔ مودی نے بتایا کہ وزیر اعظم سنگھے اور میرے درمیان آج بہترین بات چیت ہوئی ۔ مارچ کے بعد سے ہمارے دو طرفہ تعلقات میں ہوئی چند قابل ذکر پیش رفت کا ہم نے خیر مقدم کیا ہے جس میں کرنسی کے تبادلے سے متعلق نظام شامل ہے ۔ ہم نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ اہم دو طرفہ اقدامات اوپر اجکٹوں میں اب تیزی آئے گی ۔ ہم دونوں گہرے اقتصادی مراسم کے خواہاں ہیں ۔ ہم چاہیں گے کہ ہماری تجارت پروان چڑھے اور سری لنکا میں حق میں مزید متوازن بنے۔ ہم نے اس با ت پر تبادلہ خیال کیا کہ ہم کیسے تجارت اور سرمایہ کاری کے لئے دو طرفہ انتظامات سمیت ایک مزید کھلے اور مسابقی ہندوستانی بازار میں ان اہداف کو حاصل کرسکتے ہیں ۔ میں نے ان ہندوستانی سرمایہ کاروں کے لئے ان کی حمایت چاہی جو سری لنکا کی اقتصادی ترقی بالخصوص بنیادی شعبوں ، توانائی اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں شراکت داری کے خواہشمند ہیں۔مودی نے کہا کہ میں نے دونوں ملکوں کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانے کے عمل میں مکمل تعاون کی پیشکش کی تاکہ انسانی اور اقتصادی روابط مضبوط ہوسکیں جس سے ہمارے معاشروں کے سبھی طبقات کو فائدہ ہوگا ۔ میں نے وزیر اعظم وکرم سنگھے کو ترقیاتی شراکت داری کے تئیں اپنی عہد بستگی کو جاری رکھنے کا یقین دلایا۔ ان میں بنیادی ڈھانچے ، ریلویز ، توانائی، کمیونٹی کی ترقی سے متعلق پروجیکٹ ، زراعت ، صلاحیت سازی ، سائنس و ٹیکنالوجی خلا اور شہری نیوکلیائی شعبہ جات شامل ہیں ۔ ہم عوام سے عوام کے رابطوں کو پروان چڑھانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔ ہمیں ہمارے قریبی سیکوریٹی مفادات اور ایک دوسرے کی تشویش کے تئیں حساس رہنے کی اہمیت کا احساس ہے ۔ ہم دونوں نے اپنے دفاعی اور سیکوریٹی تعاون کو مضبوط کرنے کے تئیں اپنی عہد بستگی کا اعادہ کیا۔ ہم دہشت گردی سے لڑنے میں اپنے تعاون کو مزید مضبوط کریں گے اور اپنے سمندری پڑوس میں سلامتی اور استحکام کے لئے مل جل کر کام کریں گے ۔

ہندوستان اور سری لنکا نے اپنے باہمی رشتوں کو نئی بلندیوں تک لے جاتے ہوئے آج خلائی اور طبی شعبے میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لئے چار اہم معاہدوں پر دستخط کئے ہیں ۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور سری لنکا کے وزیر اعظم رانل وکرم سنگھے کے مابین یہاں حیدرآباد ہاؤس میں ہوئی وفد کی سطح کی میٹنگ کے بعد ان معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔ سری لنکا کے بابونیا میں200بستروں والے ضلع اسپتال کو طبی آلات کی فراہمی کے سلسلے میں بھی ایک معاہدہ ہوا ۔ اس پر خارجہ سکریٹری ایس جے شنکر اور سری لنکا کے وزیر اعظم کے سکریٹری ایس ایک نائکے نے دستخط کئے ۔ ساتھ ہی سری لنکا میں ایمر جنسی ایمبولنس خدمات کی فراہمی کے لئے بھی ایک معاہدہ ہوا ہے ۔ جس پر ہندوستانی ہائی کمشنر وائی کے سنہا اور لیک نائکے نے دستخط کئے ۔ سری لنکا میں مقامی بلدیاتی اداروں اور رضا کار تنظیموں کے توسط سے چھوٹے ترقیاتی پروجیکٹوں کے لئے ہندوستانی مدد کے تعلق سے پرانے معاہدوں کی تجدید کی گئی

ہندوستان اور سری لنکا نے ابنائے پاک علاقے میں ماہی گیروں کے مسائل دونوں ملکوں کی ماہی گیروں کی تنظیموں کے مابین بات چیت کے ذریعہ ایک مقررہ میعاد میں حل نکالنے کے تئیں آج اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور سری لنکا کے وزیر اعظم رانل وکرم سنگھے نے یہاں حیدرآباد ہاؤس میں ہوئی باہمی میٹنگ میں اس عزم کااظہار کیا۔ میٹنگ کے بعد مودی نے میڈیا کے سامنے اپنے تبصرے میں کہا کہ دونوں ممالک اس بات پر متفق ہیں کہ دونوں فریقوں کی ماہی گیروں کی تنظیمیں اس مسئلہ کا حل تلاش کرنے کی کوشش کریں ۔ ہندوستان نے کہا کہ اس معاملے کے روزی روٹی سے جڑے ہونے کی وجہ سے اسے انسانی ہمدردی کے نظریے سے دیکھا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کو بتایا گیا ہے کہ ہندوستانی ماہی گیروں گہرے سمندر میں مچھلی پکڑنے کے لئے حوصلہ افزائی کی تدابیر کی جارہی ہیں ۔ وکرم سنگھے نے مودی کی بات سے اتفاق کیا اور کہا کہ ہم ماہی گیروں کی تنظیموں کو اس بات کے لئے حوصلہ افزائی کریں گے اس مسئلہ کا ایک مقرہ وقت میں حل نکالا جائے ۔

PM Modi and his Sri Lankan counterpart Wickremesinghe meets

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں