فیس بک بانی زکربرگ کو ڈھکیلنے والی ویڈیو کے وائرل ہونے پر کانگریس کا سخت رد عمل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-30

فیس بک بانی زکربرگ کو ڈھکیلنے والی ویڈیو کے وائرل ہونے پر کانگریس کا سخت رد عمل

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ایک ویڈیو جس میں وزیر اعظم نریندر مودی کو فیس بک ہیڈ کواٹرس میں اچھی تصویر کے لئے مارک زکربرگ کو بازو ڈھکیلتے ہوئے دکھایا گیا ہے ، سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے ۔ کانگریس نے وزیر اعظم پر یہ کہتے ہوئے طنز کیا ہے کہ انہیں اسکول کے بچہ جیسی حرکت نہیں کرنی چاہئے تھی ۔ پارٹی ترجمان شکیل احمد سے جب ویڈیو کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو جب کہ وہ بیرونی دورہ پر ہوں، اسکولی بچہ جیسی حرکت نہیں کرنی چاہئے تھی۔ بتایاجاتا ہے کہ یہ واقعہ سلیکان ویلی میں اتور کے دن ٹاؤن ہال میٹنگ سے قبل پیش آیا۔ ویڈیو میں زکربرگ اور سی او او فیس بک شریل سینڈ برگ کو مودی کو ممنٹو پیش کرتے دکھایا گیا ۔ مودی بعد ازاں زکر برگ کو ان کے بازو سے پکڑ کر ایک جانب کردیتے ہیں تاکہ تصویر اچھی آئے ۔ شکیل احمد نے کہا کہ وزیر اعظم تصویر کشی ، ایونٹ مینجمنٹ پیکیجنگ، ری پیکیجنگ اور بیرون ملک زیادہ وقت گزارنے کے لئے جانے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو احساس ہونا چاہئے تھا کہ وہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے قائد ہیں ۔ انہیں بیرون ملک ایک اسکولی بچہ جیسی حرکت نہیں کرنی چاہئے تھی ۔ مودی نے جو آئر لینڈ اور امریکہ کے دورہ پر تھے ویسٹ کوسٹ کا بھی دورہ کیا تھا ، جہاں وہ ٹاؤن ہال میٹنگ کے لئے فیس بک کے ہیڈ کوارٹر گئے تھے۔ انہوں نے گوگل کیمپس اور ٹیسلا موٹرس کا بھی دورہ کیا تھا ۔ وزیر اعظم کی امیج انٹر نیٹ کے شوقین کے طور پر ہے ۔ انہیں سیلفی سے بھی بڑی دلچسپی ہے۔ اسی دوران سوشل میڈیا کی سب سے بڑی کمپنی فیس بک نے کہا ہے کہ ہندوستان میں انٹر نیٹ کا حق سب کو ہو یا نہ ہو اس پر ہندوستان میں ہی بحث اہم ہوگی کیونکہ اس ملک میں دنیا کی سب سے بڑی آبادی آف لائن یا غیر مربوط ہے ۔ امریکی کمپنی پر سخت تنقید ہوئی ہے کہ اس نے انٹر نیٹ ڈاٹ او آر جی کے ذریعہ نیٹ نیوٹر الیٹی کی مبینہ خلاف ورزی کی ہے جب کہ فیس بک کا اپنی مدافعت میں مسلسل یہ کہنا ہے کہ وہ اپنے صارفین کو بنیادی انٹر نیٹ خدمات تک مفت رسائی دیتی ہے ۔ ہندوستان میں انٹر نیٹ ڈاٹ او آر جی پہل کے تحت آٹھ لاکھ سے زائد استفادہ کنندگان ہیں ۔

VIRAL: Modi embarrasses Mark Zuckerberg, moves him aside as he blocks his camera view

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں