بند سے تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں عام خدمات ٹھپ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-03

بند سے تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں عام خدمات ٹھپ

حیدرآباد
پی ٹی آئی ، اعتماد نیوز
لیبر قوانین میں تبدیلیوں اور عوامی شعبہ کے اداروں کو خانگیانے کے خلاف مرکزی ٹریڈ یونینوں کی اپیل پر آج ایک روزہ ملک گیر ہڑتال کے نتیجہ میں تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں ٹرانسپورٹ اور بینکنگ خدمات معطل رہیں۔ دونوں ریاستوں میں آر ٹی سی ڈرائیور بھی ہڑتال میں شامل رہے جس کی وجہ سے عوام بالخصوص طلبہ اور دفاتر جانے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سکریٹری آل انڈیا بینک ایمپلائز اسوسی ایشن رام بابو کے مطابق دونوں ریاستوں کے تقریبا52000بینک ملازمین نے ہڑتال میں حصہ لیا ۔ انہوں نے بتایا کہ چند برانچس کو چھوڑ کر تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں تقریبا700بینک برانچس نے کام نہیں کیا اور آج ان بینکوں میں کوئی معاملتیں نہیں ہوئیں۔ انہوں نے بتایاکہ ہڑتال میں کمر شیل، خانگی، گرامین اور امداد باہمی کی بینکوں نے بھی حصہ لیا ۔ حیدرآبادمیں عوامی ٹرانسپورٹ معطل رہا۔ شہر میں زیاد ہ تر آٹو رکشا نہیں چلائے گئے۔ تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے سینئر عہدیدار کے مطابق ریاست بھر میں تقریبا99فیصد خدما ت متاثر رہیں ۔ کیونکہ تقریبا70000ورک فورسوالے اس محکمہ کے زیادہ تر ملازمین نے ہڑتال میں حصہ لیا ۔ آرٹی سی کے عہدیدار نے کہا کہ ریاست کے صرف چند مقامات پر ہی بس خدمات دستیاب رہیں۔ ایک ٹریڈ یونین لیڈر کے مطابق مختلف تنظیموں اور یونینوں سے تعلق رکھنے والے ملازمین نے شہر میں احتجاجی مظاہرے کئے ۔ ریاست کے مختلف مقامات پر ٹریڈ یونینوں نے احتجاجی مظاہرے کئے ۔ اقل ترین تنکواہ15000روپے مقرر کرنے کے علاوہ تقررات کے دوران کنٹراکٹ اور آوٹ سورسنگ سسٹم برخاست کرنے کے مطالبات اور دوسرے مسائل پر یہ ہڑتال کی۔ تلنگانہ نان گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشنس نے بھی ہڑتال کی تائید کی اور مرکز کے رویہ کے خلاف احتجاج کیا اور الزام عائد کیا کہ وہ مخالف لیبر قوانین وضع کررہا ہے ۔ ملازمین نے لنچ کے دوران دفاتر کے سامنے احتجاج کیا۔

Trade unions strike hits normal life in AP & TS

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں