تیل اور گیس فیلڈس کا خانگی اور غیر ملکی شعبہ کو ہراج - کابینہ کا فیصلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-03

تیل اور گیس فیلڈس کا خانگی اور غیر ملکی شعبہ کو ہراج - کابینہ کا فیصلہ

نئی دہلی
پی ٹی آٗی
وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ کا ایک اجلاس آج منعقد ہوا جس میں سرکاری ملکیت والی آئیل اینڈ نیچرل گیس کارپوریشن لمٹیڈ(او این جی سی) کے چھوٹے اور اوسط آئیل فیلڈس کے ہراج کی تجویز کو منظوری دے دی گئی ۔ وزیر پٹرولیم دھرمیندر پردھان نے کہا کہ ان کمپنیوں کے69آئیل فیلڈس کا خانگی اور غیر ملکی فرمس کو ہراج کیاجائے گا۔ نئی پالیسی کے تحت او این جی سی کے زیر قبضہ69آئیل فیلڈس کو مسابقتی بولی کے لئے کھول دیاجائے گا۔ یہ وہ فیلڈس ہیں جو کئی سال سے او این جی سی کے قبضہ میں ہیں لیکن یہاں سے تیل کی نکاسی نہیں کی جارہی ہے ۔ پردھان نے کہا کہ ان آئیل فیلڈس کے ہراج سے70ہزار کروڑ روپے کے وسائل ملیں گے ۔ حکومت نے دالوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے مد نظر پانچ ہزار ٹن ارہر اور اتنی ہی مقدار میں اڑد دال درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پبلک سیکٹر کی کمپنی ایم ایم ٹی سی دالیں درآمد کرے گی ۔ درآمد شدہ دال کی پہلی کھیپ ممبئی میں پانچ ستمبر تک پہنچ جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی حکومت نے2006ء سے2011ء کے دوران چار سرکاری کمپنیوں کو دالوں کی درآمد اور اس کی فروخت سے ہوئے نقصان کی بھرپائی کے لئے113۔40کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دی ۔ خیال رہے کہ بازار میں ارہر دال کی قیمت150روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ دھرمیندر پردھان نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں اس سطح پر لانا ممکن نہیں ہے کہ بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمتوں کے مطابق ہوجائیں، کیوں کہ درمیان میں کئی دیگر چارجس اس میں شامل ہوجاتے ہیں۔ مرکزی کابینہ کے فیصلوں سے صحافیوں کو واقف کروانے کے دوران پوچھے گئے ایک سوال پر پردھان نے کہا کہ بین الاقوامی مارکٹ میں خام تیل کی قیمت50ڈالر فی بیرل ہے ۔ لیکن ہم اسی تناسب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی نہیں کرسکتے ۔ فروخت کی قیمت میں خام تیل کی صفائی، ریاستی محاصل اور ڈیلر کا منافع سبھی کچھ شامل ہوتا ہے ۔ یاد رہے کہ پٹرول کی قیمت میں کل ہی دو روپے فی لیٹر کی کمی کی گئی ۔ پردھان نے بتایا کہ ملک میں تقریبا25لاکھ افراد نے ایل پی جی پر سبسیڈی سے رضا کارانہ طور پر دستبرداری اختیار کرلی ہے ۔ انہوں نے اس کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اگر عوام نے حکومت کے اقدامات کی اسی طرح تائید جاری رکھی تو بہت جلد ایک کروڑ کے نشانہ کو پورا کرلیں گے ۔

Govt to auction small oil fields to private companies

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں