سری لنکا کے وزیر اعظم کا آئندہ ہفتہ ہندوستان کا دورہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-07

سری لنکا کے وزیر اعظم کا آئندہ ہفتہ ہندوستان کا دورہ

کولمبو
پی ٹی آئی
سری لنکا کے وزیر اعظم رانیل وکرما سنگھے عہدہ سنبھالنے کے بعد آئندہ ہفتہ ہندوستان کا اولین بیرونی دورہ کریں گے جس کے دوران وہ حساس ماہی گیروں کے مسئلہ اور ایک جامع معاشی معاہدہ کے بشمول ہندوستانی قیادت کے ساتھ جامع مذاکرات کریں گے ۔ ستمبر14تا16سہ روزہ دورہ کے دوران وہ وزیرا عظم نریندر مودی سے مذاکرات کریں گے ۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ سشما سوراج اور صدر جمہوریہ پرنب مکرجی سے ملاقات کریں گے ۔ یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ صدر مائتری پالا سری سینا نے جنوری میں صدر کے عہدہ کے لئے منتخب ہونے کے بعد اپنی پہلی بیرونی منزل مقصود کے طور پر ہندوستان کا انتخاب کیا تھا ۔ وکرما سنگھے گزشتہ ماہ پارلیمانی انتخابات میں پارٹی کی جیت کے بعد وزیر اعظم منتخب ہوئے تھے جس میں ان کی پارٹی قطعی اکثریت حاصل نہ کرسکی ۔ وہ چوتھی مرتبہ وزیر اعظم بنے ہیں ۔ 66سالہ وزیر اعظم کا انتخاب صدر سری سینا نے کیا ہے جنہوں نے جنوری میں ایک اقلیتی حکومت کی قیادت کے لئے انتخابات میں سابق صدر مہنداراجہج پکسا کو شکست دی تھی ۔ یہ وکرما سنگھے کا جنوری کے بعد اولین بیرونی دورہ ہوگا جب انہوں نے تیسری مرتبہ وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالا۔ وکرما سنگھے سری لنکا کی وزیر خارجہ منگلا سماراویرااور سری لنکا کے عہدیداروں کے ہمراہ سشما سوراج کے ساتھ مذاکرات منعقد کریں گے ۔ جن موضوعات پر بات چیت متوقع ہے ان میں ماہی گیروں کا مسئلہ اور ایک جامع معاشی شراکت کا معاہدہ شامل ہیں ۔ وکرما سنگھے نے ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے لیکن انہوں نے ماہی گیروں کے مسئلہ پر ایک سخت موقف اختیار کیا ہے جب کہ مارچ میں انہوں نے یہ صلاح دیتے ہوئے ایک تنازعہ پیدا کردیا تھا کہ ہندوستانی ماہی گیروں کو گولی ماردی جائے اگر وہ سری لنکا کے آبی حدود میں داخل ہوں ۔ مذاکرات کے ایجنڈہ میں توقع ہے کہ جامع معاشی شراکت کا معاہدہ شامل ہوگا ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے مارچ میں سری لنکا کے اپنے دورہ کے دوران کہا تھا کہ دونوں ممالک کو معاہدہ کو قطعیت دینے اور سرمایہ کاریوں کے لئے کشش پید اکرنے کی خاطر بے باکانہ اقدامات کرنے چاہئیں۔ اس ماہ کے اواخر میں اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل میں سری لنکا کی مجوزہ قرار داد پر بھی توقع ہے کہ مذاکرات عمل میں آئیں گے ۔ امریکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات سے نمٹنے جزیرہ کے ملک کی پشت پناہی کرتے ہوئے داخلی گھریلو میکانزم کے لئے ایک موافق سری لنکا قرار داد پیش کرے گا۔ وکرما سنگھے کا نئی دہلی کا دورہ ایک ایسے وقت میں عمل میں آرہا ہے جب موافق ٹامل گروپوں نے ایک گھریلو انکوائری پر امریکہ کے موقف کے تعلق سے تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔ ٹامل گروپس ایک مقامی میکانزم کے تعلق سے ناخوش ہیں اور ایک بین الاقوامی انکوائری کی اپیل کررہے ہیں ۔ وکرما سنگھے نے قبل ازیں قانو سازوں سے کہا تھا کہ نسلی مسئلہ کا ایک سیاسی حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے ۔ وکرما سنگھے نے کہا ہے کہ ہم ایک متحدہ مملکت کی13ویں ترمیم پر عمل آوری کریں گے ۔13ویں ترمیم صوبوں کو اختیارات کی سپردگی فراہم کرنے سے متعلق ہے ۔

Sri Lankan Prime Minister Ranil Wickremesinghe to visit India on first foreign tour

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں