اراضی آرڈیننس سے دستبرداری کسانوں کی جیت - سونیا گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-21

اراضی آرڈیننس سے دستبرداری کسانوں کی جیت - سونیا گاندھی

نئی دہلی
یو این آئی
این ڈی اے حکومت کی جانب سے اراضی آرڈیننس سے دستبرداری کو کانگریس ، شہری حقوق تنظیموں اور ملک بھر کی کسان تنظیموں کی جدو جہد کاکا میاب نتیجہ قرار دیتے ہوئے کانگریس صدر سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی نے آج کہا کہ پارٹی مرکز کی کسان مخالف پالیسیوں کے خلاف احتجاج جاری رکھے گی۔ نئی دہلی کے رام لیلا میدان پر کسان سمان ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس صدر اور نائب صدر نے این ڈی اے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ ریاستوں میں عقبی دروازے سے اراضی بل لانے کی کوشش کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کی کسان مخالف پالیسیوں کو ناکام بنانے کی کوشش جاری رکھے گی ۔ کانگریس صدر نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جس میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ سینئر کانگریس قائدین اور ملک بھر کے لاکھوں کسانوں نے شرکت کی کہا کہ وزیر اعظم کے مرکز میں بل لانے میں ناکام رہنے کے بعد این ڈی اے حکومت ریاستوں میں یہ بل لانے کی کوشش میں ہے ۔ ہمیں مزید چوکنا رہنا ہوگا ورنہ ہماری جدوجہد رائیگاں جائے گی اور آپ لوگ(کسان) اراضی سے محروم ہوجائیں گے ۔ کانگریس صدر نے زور دے کر کہا کہ ان کی پارٹی حکومت کو خبر دار کرنا چاہتی ہے کہ جب بھی وہ عوام کے مسائل سے آنکھیں پھیر ے گی کانگریس یقینا اس کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرے گی۔ اگر اس نے خشک شالی اور سیلاب سے متاثرہ کسانوں کو خدا کے رحم و کرم پر چھوڑا تو ہم یقینا حکومت کی راہ میں روڑے اٹکائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ غذائی اشیاء کی قیمتیں کم نہیں ہوئیں تو ہم یقینا حکومت کی راہ روکیں گے ۔ مسز گاندھی نے کہا کہ کانگریس اپوزیشن جماعتوں ، کسان تنظیموں اور سیول سوسائٹی کی ملک گیر مہم نے ہی مودی حکومت کو اراضی آرڈیننس واپس لینے پر مجبور کیا۔ چند ماہ قبل ہم اسی تاریخی میدان میں اراضی آرڈیننس کے خلاف احتجاج کے لئے اکٹھا ہوئے تھے ۔ ہم نے2013ء کے یو پی اے اراضی بل میں ترامیم کے خلاف ملک گیر تحریک چلائی تھی۔ کئی کسان تنظیموں اور سیول سوسائٹی نے بھی این ڈی اے کے بل کے خلاف آواز اٹھائی تھی ۔ مودی نے ابتدا اس تحریک کو سنجیدگی سے نہیں لیا تھا لیکن جب کسان اور کانگریس متحدہ ہوگئے تو ان کی اس طاقت نے حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔ کانگریس صدر نے کہا کہ یہ کسی فردواحد کی کامیابی نہیں بلکہ ملک بھر کے کسانوں کی جیت ہے ۔ ریلی سے خطاب میں راہول گاندھی نے کہا کہ اراضی بل پر جدو جہد ختم نہیں ہوئی ہے ۔ کانگریس کو ہر ریاست کے کسانوں کے حقوق کے لئے لڑنا ہوگا ۔ راہول نے کہا کہ ایک کسان نے کبھی مجھ سے کہا تھا کہ راہول جی ہماری دو مائیں ہیں ایک حقیقی ماں اور دوسری دھرتی ماں جس میں ہم اپنی فصل بوتے ہیں ۔ راہول گاندھی نے کسانوں سے کہا کہ نریندر مودی ہماری زمین چھین رہے ہین وہ ہماری ماں ہم سے چھین رہے ہیں ۔ کانگریس کے نائب صدر نے کہا کہ ان کی پارٹی کسانوں کے وقار کے لئے لڑرہی ہے ۔ میں ایک کسان ہوں اور حکومت ہم سے ہماری اراضی نہیں چھین سکتی ، مودی حکومت کو مخالف کسان قرار دیتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ مودی جی صنعتکاروں سے ملتے ہیں لیکن صرف من کی بات کے ذریعہ کسانوں سے بات کرتے ہیں ۔ اس سوٹ بوٹ کی سرکار کے پاس کسانوں کے لئے کوئی وقت نہیں ۔
نئی دہلی
آئی اے این ایس
کانگریسی صدر سونیا گاندھی نے اتوار کے دن کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اراضی بل کے تئیں ہل اور ہاتھ کی طاقت کے آگے سر نگوں ہونے پر مجبور ہوگئے ۔ انہوں نے مودی حکومت پر ماحول کشیدہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت، جس کا شیوہ یہی رہا ہے کہ وہ اپنی اشتعال انگیز بیان بازیوں کے ذریعہ ماحول کو سنگین اور کشیدہ کررہی ہے جو ملکی سلامتی اور سالمیت کے لیے انتہائی خطرناک امر ہے اور دیگر حقیقی مسائل سے عوام کی نگاہ کو پھیرنے کی کوشش میں محض اپنی باتوں میں الجھائے رکھنا چاہتی ہے ۔ یہ صورتحال ہمارے لئے انتہائی چیلنج والی ہے جس سے ہمیں اتحاد و اتفاق کے ساتھ نمٹنا ہے۔

Rollback of Land Ordinance a victory for farmers: Rahul

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں