ایجنسیاں
اوڈیشہ میں پارٹی کو مستحکم بنانے کی کوشش کے طور پر کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی بارگڑھ میں کسان بچاؤ مہم کی قیادت کریں گے ۔ 10ستمبر سے دو روزہ دورہ کا آغاز ہورہا ہے ۔ اوڈیشہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر پرساد ہری چندن نے آج بتایا کہ راہول گاندھی 10ستمبر سے اوڈیشہ کا د و روزہ دورہ کریں گے۔ مغربی اوڈیشہ میں مبینہ طور پر قرض کے بوجھ کے باعث کئی کسانوں کی خود کشی کے پیش نظر راہول گاندھی احتجاج کی قیادت کریں گے ۔ اس کا مقصد علاقہ میں پریشان حال کسانوں کو بچانا ہے ۔ وہ پہلے دن اوڈیشہ میں ان کسانوں کے خاندانوں سے ملاقات کریں گے جنہوں نے حال ہی میں خود کشی کی۔ انہوں نے کہا کہ راہول جی اسی دن بار گڑھ ضلع میں بنچاؤ پدیاترا کی قیادت کریں گے ۔ ۔مغربی اوڈیشہ میں خشک سالی جیسی صورتحال کے پیش نظر قرض کے بوجھ اور فصل کے نقصان کے خوف سے کسان خود کشی کررہے ہیں ۔ راہول گاندھی7کلو میٹر طویل مارچ میں قبائلیوں اور خاتون کسانوں سے تبادلہ خیال کریں گے۔ہری چندن نے کہا کہ مار چ کے دوران ریاست میں بی جے ڈی حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کیاجائے گا۔ بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت نے بھی کسانوں کی کوئی مدد نہیں کی۔ اوڈیشہ پردیش کانگریس کے سربراہ نے مزید کہا کہ دوسرے دن11ستمبر کو راہول گاندھی کٹک میں شیشو بھون کا دورہ کریں گے ۔ جہاں اولین ہاسپٹل میں انفراسٹرکچر کی خامیوں اور عملہ کی لاپرواہیوں کے باعث کثیر تعداد میں بچے علاج کے دوران فوت ہوگئے ۔ راہول گاندھی نے پارٹی قائدین سے ملاقات کے علاوہ سماجی انصاف کے موضوع پر ورکشاپ میں بھی شرکت کریں گے۔ کانگریس نائب صدر ملٹی کروڑ چٹ فنڈ اسکام سے متاثر افراد سے بھی راست ملاقات کریں گے ۔ یہ کہتے ہوئے کہ راہول گاندھی کے دورہ سے کانگریس ورکرس میں جوش و خروش پایاجاتا ہے ہری چندن نے کہا کہ دورہ اوڈیشہ میں کانگریس کو ایک بار پھر زندہ کرنے میں نمایاں رول ادا کرے گا۔
Rahul Gandhi to lead 'save farmers march' in Odisha on 10 September
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں