مودی حکومت کا ریموٹ کنٹرول آر ایس ایس کے ہاتھ میں - مایاوتی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-07

مودی حکومت کا ریموٹ کنٹرول آر ایس ایس کے ہاتھ میں - مایاوتی

لکھنو
یو این آئی
سربراہ بہوجن سماج پارٹی مایاوتی نے آج کہا کہ یہ بد بختانہ بات ہے کہ مرکز کی بی جے پی حکومت کا ریموٹ کنٹرول آر ایس ایس کے ہاتھ میں ہے جب کہ دونوں بھی عام آدمی کے مسائل سے لاتعلق ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی خود سپرد ہوگئے ہیں اور آر ایس ایس کی دھن پر رقص کررہے ہیں اور مرکزی حکومت پر آر ایس ایس کا ریموٹ کنٹرول ہے۔ مایاوتی نے آج یہاں ایک بیان میں کہا کہ مرکزی حکومت کو چاہئے تھا کہ وہ عوام اور دستور کے تئیں ذمہ دار رہے لیکن اس کے بجائے وزیر اعظم اور مرکزی وزراء آر ایس ایس کے سامنے سر نگوں ہیں اور کہا کہ آرایس ایس کی جانب سے بہتر حکمرانی کے لئے بی جے پی حکومت کی ستائش ملک کے عوام کے لئے ایک اور ظالمانہ مذاق ہے۔ بی جے پی کو یہ یاددلانے کی کوشش میں کہ اس نے منموہن سنگھ حکومت کے بارے میں کہا تھا کہ یوپی اے حکومت پر10جن پتھ کا ریموٹ کنٹرول ہے ، انہوں نے کہا کہ نریندر مودی ان ہی خطوط پر چل رہے ہیں اور دونوں حکومتوں میں کوئی فرق نہیں ۔ صدر بی ایس پی نے مہاراشٹرا میں حکومت کے خلاف کسی بھی ٹوئٹر تحریک پر ملک سے غداری کے تحت کیس درج کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکم بی جے پی کا فسطائی چہرہ ہے ، جس کے خلاف ہر ایک کو متحد ہوکر مقابلہ کرنا چاہئے ۔ مایاوتی نے بہار اسمبلی انتخابات سے عین قبل ایک عہدہ ایک پنشن ( او آر او پی) پر عمل آوری کے اعلان پر بھی سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کو حکومت بادل ناخواستہ شروع کی ہے، جس کے لئے سابق فوجی مطمئن نہیں ہے۔ مایاوتی نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ ایسی اسکیم نافذ کرے جو سب کے لئے اطمینان بخش ہو ۔ صدر بی ایس پی نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ بودھ گیا کو بین الاقوامی حیثیت دی جائے، لیکن حکومت ابھی تک وہاں ایسی ہولتیں فراہم نہیں کی ہے جو سیاحوں کے لئے پرکشش ثابت ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مودی جنہوں نے کل بودھ گیا کا دورہ کیا، اس مذہبی مقام کی ترقی کے لئے کوئی بڑا اعلان نہیں کیا۔

Modi government being 'remote-controlled' by RSS, Mayawati says

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں