انسانیت کی بھلائی کے لئے ٹکنالوجی کا استعمال کریں ۔ صدر جمہوریہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-16

انسانیت کی بھلائی کے لئے ٹکنالوجی کا استعمال کریں ۔ صدر جمہوریہ

ناگپور
یو این آئی
تعلیم بالخصوص تکنیکی تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے صدر جمہوریہ ہند پرنب مکرجی نے آج تعلیم، علم و دانش کو ملک میں سماجی، معاشی، سیاسی تبدیلی کا آلہ قرار دیتے ہوئے ملک کے نوجوانوں ماہرین ٹکنالوجی سے کہا کہ وہ نوکریوں کے مواقع تلاش کرنے کے بجائے صنعت کار، تاجر اور تجارت کا پیشہ اختیار کرتے ہوئے ملک کے عوام کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کریں ۔ صدر جمہوریہ ہند پرنب مکرجی ناگپور میں وشویشورارانیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی(وی این آئی ٹی) کے 13ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ قومی اہمیت کے ادارے ہونے کے سبب این آئی ٹیز کو ملک میں جدت طرازی اور صنعت سازی کے لئے گنجائش پیدا کرنے کے عمل میں قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔انہیں اپنی سر گرمیوں کو قومی ترقی کے اہداف سے ہم آہنگ کرنا چاہئے ۔ انہوں نے وی این آئی ٹی، ناگپور اس سمت میں اپنی بہترین کوششوں کو برائے کار لانے کی اپیل کی ۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ ماہرین ٹکنالوجی کی حیثیت مسائل کا حل کرنے والوں کی ہے جو مشکل چیلنجوں کے حل کے لئے تیز تر، بہتر اور سستے طریقے دریافت کرتے ہیں ۔ وہ بہتر مستقبل کے لئے سائنس ، ٹیکنالوجی اور معاشرے کے درمیان تعلقات کو سمجھنے اور اسے مضبوط کرنے میں اہم رول ادا کرتے ہیں ۔ انہوںنے طلباء سے اپیل کی کہ وہ انسانیت کی بھلائی کے لئے ٹکنالوجی کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ ٹکنالوجی کے استعمال سے ہمارے ملک کے عوام میں خوشی ، خوشحالی اور عمومی بہتری آئے ۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ حکومت نے اسٹارٹ اپ انڈیا، اسٹینڈ اپ انڈیا نام سے ایک مہم شروع کی ہے ۔ اس مہم کی کامیابی کا دارومدار اس بات پر ہے کہ ہم کتنی جدت طرازی کے ساتھ ملک میں موجود ٹیکنالوجی اور انسانی وسائل کا استعمال کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے وی این آئی ٹی۔ ناگپور کے طلبا سے اپیل کی کہ وہ ایسے صنعتکار بنیں جو لوگوں کے لئے روزگارکے مواقع پیدا کرنے کا سبب بنے نہ کہ صرف اپنے لئے روزگار کے مواقع ڈھونڈتے پھریں ۔ ایسی کمپنیاں قائم کرنا جس سے قوم، سماج اور عوام کے لئے دولت پیدا ہوسکے، ملک کی شمولیت پر مبنی اور پائیدار ترقی کی سمت میں ان کا سب سے بڑا تعاون ہوں گی۔ صدر جمہوریہ نے اس موقع پر سرایم وشویشوریا کو خرا ج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں خوشی ہے کہ وی این آئی ٹی کے جلسہ تقسیم اسناد انعقاد عام طور پر ان کی سالگرہ کے موقع پر کیاجاتا ہے جسے ہندوستان میں انجینئروں کے دن کے طور پر منایاجاتا ہے ۔

“Bring societal transformation using knowledge of science and technology”: Pranab Mukherjee

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں