پاکستان دہشت گردی کے خاتمہ سے متعلق پر عزم - سرتاج عزیز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-01

پاکستان دہشت گردی کے خاتمہ سے متعلق پر عزم - سرتاج عزیز

اسلام آباد
آئی این ایس
وزیر اعظم پاکستان کے مشیر قومی سلامتی و امور خارجہ سرتاج عزیز نے صاف الفاظ میں کہا کہ بات چیت کے ایجنڈہ میں تمام باہمی مسائل کو شامل کرنے تک مذاکرات کا احیاء ناممکن ہے ۔ ریڈیو پاکستان نے ان کے ایک انٹر ویو کے حوالہ سے بتایا کہ ہندستان اور پاکستان کے درمیان مشیر قومی سطح بات چیت ہندوستان کی پیشگی شرائط کے مطابق ناممکن ہے ۔ عزیز نے کہا کہ ڈائرکٹر جنرل آف پاکستان رینجرس اور کمانڈرس آف انڈین بارڈر سیکوریٹی فورس کے درمیان بین الاقوامی سرحد اور خط قبضہ پر کشیدگی کے بعد آئندہ ہفتہ اجلاس مقرر ہے ۔ امریکی مشیر قومی سلامتی سوسان رائس کو بھی ہندوستان کے ساتھ کشیدگی پر پاکستان کے موقف سے آگاہ کردیا گیا ہے ۔ رائس کے ساتھ پاکستانی قائدین کی بات چیت اتوار کو ہوئی تھی ، جس مین یہ واضح ہوا کہ امریکہ خطہ میں امن و امان اور استحکام کے لئے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بات چیت کی تائید کرتا ہے ۔ اسی دوران پاکستانی مشیر قومی سلامتی سرتاج عزیز نے آج بین الاقوامی برادری سے دہشت گردی کے خلاف ایک موثر حکمت عملی وضع کرنے کی درخواست کی۔ سرتاج عزیز نے جرمن وزیر خارجہ فرینک والٹر اسٹین میئر کے ساتھ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خطرات پاکستان میں جاری ہیں اور اسلامی جمہوریہ اس کے خلاف جنگ میں بھاری قیمت چکا رہا ہے ۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ فوج کی ضرب عضب کی کاروائی نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے ۔ پاکستان دہشت گردی کے خطرات کا نام و نشان مٹانے کے لئے بھی پر عزم ہے۔ پاکستانی مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ اسٹین میئر کے ساتھ ان کی ملاقات اور بات چیت بار آور ثابت ہوئی اور دونوں کے درمیان باہمی تعلقات کے علاوہ علاقائی اور عالمی مسائل پر تبادلہ خیال ہوا۔ بات چیت میں ہند۔ پاک مذاکرات میں تعطل اور افغانستان کی صورتحال بھی موضوع گفتگو بنی۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان تمام شعبوں میں بالخصوص تجدید توانائی اور انجینئرنگ کے علاوہ معاشی شعبوں میں بھی جرمن سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرمن وزیر خارجہ کے ساتھ پارلیمانی تبادلوں ، صلاحیت سازی اور تعلیم جیسے اہم شعبوں میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ اسٹین میئر نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کامیاب جدو جہد کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری اس جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کی معترف ہے ۔

Pakistan Determined to Eliminate Terrorism: Sartaj Aziz

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں