مودی کے دوروں پر لاکھوں ڈالر کے مصارف کی تحقیقات کا مطالبہ - کانگریس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-29

مودی کے دوروں پر لاکھوں ڈالر کے مصارف کی تحقیقات کا مطالبہ - کانگریس

نئی دہلی
یو این آئی
کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنی حکومت کے جھوٹے وعدوں سے عوام کو گمراہ کررہے ہیں اور سابق حکومتوں کی جانب سے کئے گئے کام کی نفی کررہے ہیں ۔ پارٹی نے مودی کے بیرونی دوروں کے مواقع پر پرہجوم تقاریب سے ان کے خطاب پر صرف کئے گئے کروڑہا ڈالر کے بارے میں تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ اے آئی سی سی ترجمان آنند شرما نے مودی پر الزام عائد کیا کہ انہوںنے بیرونی سرزمین پر نازیبا تبصرے کرتے ہوئے اپنے عہدہ کے وقار کو گھٹایا ہے ۔ شرما نے کہا وزیر اعظم نے امریکہ میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر مبالغہ آرائی کی ہے اور سابق حکومتوں کے کام کی نفی کی ہے ۔ ان کی باتوں سے ان کی ذہنیت کا پتہ چلتا ہے ۔ ایسا نہیں ہے کہ مئی2014سے قبل ہندوستان نے انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبہ میں کچھ نہیں کیا۔ دراصل آنجہانی وزیر اعظم راجیو گاندھی نے ملک میں ٹیلی کام اور انفارمیشن ٹکنالوجی انقلاب کی بنیاد ڈالی تھی ۔ وزیر اعظم کو یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ ہندوستان نے16مئی 2014ء (جب بی جے پی مرکز میں بر سر اقتدار آئی) کے بعد جنم نہیں لیا۔ وزیر اعظم پراپنے سرکاری بیرونی دورہ کا بے جا استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے شرما نے بڑی اور پر ہجوم تقاریب اور جلسوں کے اہتمام پر خرچ کئے گئے لاکھوں ڈالر کے بارے میں تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اس سیاق و سباق میں الزام عائد کیا کہ مودی کی تقاریب کے انتظامات کے لئے سینکڑوں آر ایس ایس کارکنوں کئی ماہ قبل امریکہ روانہ کیا گیا۔ نہرو۔ گاندھی خاندان کے خلاف مودی کی تقاریر کے دوران کئے گئے طنز کا جواب دینے کی کوشش کرتے ہوئے شرما نے کہا نہرو گاندھی خاندان کے بارے میں وزیر اعظم کا تبصرہ انتہائی گھٹیا ہے ۔ یہ امر انتہائی بد بختانہ ہے کہ وزیر اعظم ان لوگوں کے بارے میں ایسے تبصرے کررہے ہیں جنہوں نے مجلک کی تعمیر میں عظیم حصہ ادا کیا ہے۔ سان ہوز کے ساپ سنٹر میں ہندوستانیوں سے خطاب کے دوران یوپی اے کے کرپشن پر وزیر اعظم کے طنز پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے شرما نے کہا یہ دیکھ کر بڑی تکلیف ہوتی ہے کہ وزیر اعظم جیسا شومین اس عظیم ملک کی قیادت کررہا ہے ۔ انہو ںنے سیاسی بیانات کو گٹر کی سطح تک پہنچا دیا ہے ۔
پی ٹی آئی کے ببموجب کانگریس نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے امریکہ میں اس پر کئے گئے طنز کا جواب دیا اور کہا کہ ایک بیرونی سر زمین پر ان کے اس رویے پر وہ شرمسار ہے ۔ کانگریس قائد راشد علوی نے کہا کہ وزیر اعظم کی تقریر سن کر میرا سر شرم سے جھک گیا ۔ ہندوستانی وزیر اعظم کیلیفورنیا میں اپنے ملک کے شہریوں کا مذاق اڑا رہے ہیں ، اور صرف اپنی ستائش کررہے ہیں۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ یو پی اے کے دور اقتدار میں کرپشن اور صدر کانگریس سونیا گاندھی کے داماد رابرٹ وڈرا پر در پردہ طنز کرتے ہوئے مودی نے کلیفورنیا میں ہندوستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں رشوت کا کلچر پایاجاتا ہے ۔ انہوں نے کہا ہمارے ملک میں سیاسی قائدین کے خلاف الزامات عائد کرنا کوئی بڑی بات نہیں ۔ کسی نے50کروڑ بنائے، کسی کے لڑکے نے ڈھائی کروڑ ، کسی کی دختر نے500کروڑ اور کسی کے داماد نے ہزار کروڑ روپے بنائے ہیں ۔ کانگریس لیڈر منیش تیواری نے مودی کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہندستانی عوام، ایسی حکومت سے بیزار ہوچکے ہیں ، جو بھگوڑوں کی مدد کرتی ہے ۔ کیا ہندوستان میں ایسی کوئی ریاستی حکومت ہے جہاں راجستھان کی طرح یکے بعد دیگرے اسکامس رونما ہوتے ہیں ۔ دوسروں کو طعنہ دینے سے قبل انہیں خود اپنی پارٹی پر نظر ڈالنی چاہئے ۔ جنتادل یو قائد کے سی تیاگی نے بھی مودی پر تنقید کی اور کہا کہ یہ سوال بھی کیاجاسکتا ہے کہ وہ ا پنی ماں کے ساتھ کیوں نہیں رہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو بیرونی سر زمین پر ملک کی اپوزیشن کو نشانہ تنقید نہیں بنانا چاہئے ۔ علوی نے کہا کہ انہوں نے لوک سبھا انتخابات کے بعد مودی کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا تھا آپ کہتے ہیں کہ آپ کی ماں ابھی بھی کام کرتی ہیں ، تو پھر آپ کیوں اپنی ماں کا خیال نہیں رکھتے ؟ کیا آپ کی تنخواہ اتنی کم ہے کہ آپ اپنی ماں کا خیال نہیں رکھ سکتے ؟ واضح رہے کہ مودی کل اپنی پرورش کے لئے ماں کی قربانیوں کے بارے میں بتاتے ہوئے جذباتی ہوگئے تھے ۔

Congress senior spokesman Anand Sharma sought an independent inquiry into organisation of public events for the prime minister during his foreign tours and the source "millions of dollars" required for hosting them.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں