مودی اوباما ملاقات - کئی شعبوں میں تعاون - اسٹرٹیجک شراکت میں اضافہ سے اتفاق - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-29

مودی اوباما ملاقات - کئی شعبوں میں تعاون - اسٹرٹیجک شراکت میں اضافہ سے اتفاق

نیویارک
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی اور امریکہ کے صدر بارک اوباما نے آج ہند۔امریکہ اسٹریٹیجک پارٹنر شپ کو مزید مضبوط بنانے اور سیکوریٹی ، انسداد دہشت گردی، دفاع، معیشت اور ماحول کی تبدیلی کے شعبہ میں تعاون سے اتفاق کیاہے ۔ اپنی بات چیت کے دوران مودی نے پیرس میں ماحول کی تبدیلی کے بارے میں ہونے والی مجوزہ عالمی کانفرنس میں ٹھوس نتائج کی ضرورت پر زور دیا اور جب کہ اوباما نے کہا کہ اس کانفرنس میں ہندوستان کی قیادت سے آنے والے کئی دہوں کے لئے رجحان طے ہوگا ۔ اوباما نے کہا کہ ہم نے اس بار ے میں بات کی کہ کس طرح ہم اپنے اسٹریٹیجک نظریے کو مضبوط بنا سکتے ہیں ۔ اوباما نے دو گھنٹے طویل بات چیت کے بعد یہ بات کہی ۔ زائد از ایک سال کے عرصہ میں دونوں قائدین کے درمیان یہ تیسری ملاقات تھی۔ مودی نے امریکی صدر کی دوستی کے نظریے اور تعلقات کے لئے عہد کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ باہمی شراکت سے ہم کئی اہم اسٹریٹیجک و سیکوریٹی مسائل بشمول انسداد دہشت گردی، سائبر سیکوریٹی اور ٹریننگ کی یکسوئی میں مدد ملے گی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارا دفاعی تعاون بشمول دفاعی تجارت و تربیت وسیع ہورہے ہیں ۔ ایک ایسے وقت جب کہ دہشت گردی کا خطرہ بڑھ رہا ہے اور نئے خطرے ابھر رہے ہیں ہم نے انسداد دہشت گردی اور کٹر پن کے خلاف تعاون بڑھانے کا عہد کیا ہے ۔ ہندستان کے ساتھ شراکت کو خراج پیش کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ اس سے اس حقیقت کا اظہار ہوتا ہے کہ دنیا کی دو بڑی جمہوریتوں کے پاس ان اصولوں کے تعین اور مدد کا موقع ہے جن پر اقوام متحدہ کا یقین ہے ۔ اس دوران مودی نے اپنے برطانیہ کے ہم منصب ڈیوڈ کیمرون اور فرانس کے صدر فرانکوئس اولانڈ کے علیحدہ ملاقتیں کیں ۔ اس موقع پر دہشت گردی، اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں اصلاحات اور ماحول کی تبدیلی جیسے مسائل پر بات چیت ہوئی ۔ اس موقع پر ہندوستان نے آج امریکہ کی ہوا بازی کمپنی بوئنگ اور حکومت امریکہ سے22اپاچی ہیلی کاپٹرس اور15چینوک ہیوی لفٹ ہیلی کاپٹر س کی خریدی کے لئے تقریبا تین بلین ڈالر کی معاملت پر دستخط کئے ہیں۔ وزارت دفاع کے ترجمان سدھارنشو کار نے بتایا کہ امکان ہے کہ پہلا ہیلی کاپٹر اگلے تین سے چار سال میں ہندوستان کے حوالے کیاجائے گا۔ اس دوران وزیر اعظم مودی جب فرانس کے صدر سے ملاقات کررہے تھے تو مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس اچانک وہاں آگئے ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سواروپ نے ٹوئٹر پر یہ بات بتائی اور تصویریں اپ لوڈ کیں جن میں مودی کو فرانکوئس اولانڈ اور بل گیٹس سے بات چیت کرتے ہوئے دکھایا گیا۔
سان جوس
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے اقوام متحدہ سے ایک مرتبہ یہ طئے کرنے کے لئے کہا کہ دہشت گرد کون ہے اور انسانیت نواز کون ہے؟ تاکہ دہشت گردی کے خلاف لڑائی کو صحیح رخ دیاجاسکے۔ مودی نے یہاں ہندوستانی برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ اچھی دہشت گردی اور بری دہشت گردی کی بات کرنے والے ممالک کی نشاندہی کی جائے ۔ امریکہ کے دو روزہ دورے کے آکری پروگرام میں ساپ سنٹر پر ہندوستانی برادری سے اپنے خطاب میں مودی نے کانگریس اور سونیا گاندھی کے داماد رابرٹ وڈرا کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کرپشن کے مسئلہ پر بھی اظہار خیال کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے علاوہ عالمی حدت، انسانیت کو در پیش دوسرا بڑا چیلنج ہے ۔ انہوں نے تمام ممالک کے سربراہوں کو مکتوبات روانہ کرتے ہوئے ان چیلنجوں سے مقابلہ کرنے ٹھوس اقدامات کی اپیل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان لعنتوں کا مقابلہ کرنے تمام انسانیت نواز چہروں کو متحدہ ہوجانا چاہئے ۔ ایک بار یہ واضح ہوجانا چاہئے کہ دہشت گردی کے ساتھ کون ہے اور اس کے خلاف کون ہے ؟ یہ طے کرنا اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے ۔ اس بارے میں وضاحت ضروری ہے ۔ تقریب میں امریکی کانگریس کے کئی ارکان اور اہم سیاسی جماعتوں کے قائدین بھی موجود تھے ۔ سابق یو پی اے حکومت پربد عنوانیوں کے مسئلہ پر در پردہ حملہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے صدر کانگریس سونیا گاندھی کے داماد رابرٹ وڈرا کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ سیاستدانوں اور ان کے خاندانوں کی جانب سے کروڑہا روپے بنانے کا الزام ہے اور یہ بھی الزام ہے کہ ان کی حکومت نے ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی ۔ مودی نے کہا کہ ہمارے ملک میں سیاستدانوں کے خلاف الزامات کو اہمیت نہیں دی جاتی ۔ کسی نے50کروڑ بنائے ۔ کسی کا بیٹا 250کروڑ کا مالک ہے ، کسی کی بیٹی500کروڑ اور کسی کے داماد نے ایک ہزار کروڑ روپے بنالئے۔ بعض رشتہ داروں نے گتے حاصل کئے اور چند نے فلیٹس حاصل کئے ۔ لفظ داماد کہنے کے بعد مودی نے ڈرامائی انداز میں توقف اختیار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ان کی حکومت کے خلاف بد عنوانیوں کے کوئی الزامات نہیں ہیں ۔ انہوں نے سوال کیا کہ آپ اس سے متاثر نہیں ہیں؟ کیا آپ اس پر برہم نہیں ہیں؟ اے بردران وطن، میں آپ کے درمیان ہوں ، کیا میرے خلاف کوئی الزام ہے ؟ اس پر حاضرین نے بلند آواز میں نہیں کی صد ا لگائی ۔ قبل ازین مودی نے سلیکان ویالی میں بر سر کار ہندوستانی برادری کے آئی ٹی ماہرین پر زور دیا کہ وہ اپنی قابلیت سے مادر وطن کو فائدہ پہونچائیں ۔ مودی نے کہا مادر وطن نے آپ لوگوں کو یہاں بھیجا مگر اب وہ آپ کی ملک واپسی کی منظر ہے ۔ اب وقت آگیا ہے کہ آپ اسے فائدہ پہونچائیں ۔ کیلی فورنیا میں ہند۔ امریکی برادری نے ایک تقریب منعقد کی تھی ، جس میں18ہزار سے زیادہ آئی ٹی کے ماہرین جمع ہوگئے تھے ۔ وزیر اعظم سے مل کر وہ بہت خوش تھے ، جنہوں نے ڈیجیٹل انڈیا مشن کو آگے بڑھانے کا عزم کررکھا ہے ۔

Narendra Modi, Barack Obama agree to refine strategic partnership

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں