نوین پٹنائک کو اوڈیشہ کے مستقبل کی پرواہ نہیں - راہول - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-12

نوین پٹنائک کو اوڈیشہ کے مستقبل کی پرواہ نہیں - راہول

گٹک
پی ٹی آئی
کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے یہاں ششو بھون میں نومولد بچوں کی اموات میں اضافہ پر چیف منسٹر اوڈیشہ نوین پٹنائک کو طعنہ دیتے ہوئے آج کہا کہ ریاستی حکومت نگہداشت صحت اور تعلیم جیسے اہم شعبوں پر توجہ نہیں دے رہی ہے۔ راہول گاندھی نے کہا میں نے دیکھا کہ ڈاکٹرس پوری دلچسپی اور سنجیدگی سے کام کررہے ہیں اور ان کی جانب سے کوئی کوتاہی نہیں ہورہی ہے ۔ بہر حال جس چیز کی کمی ہے وہ نگہداشت صحت اور تعلیم پر حکومت کی توجہ ہے۔ چیف منسٹر ان شعبوں اور ریاست کے مستقبل کے بے حسی کا رویہ اختیار کررہے ہیں ۔کانگریس کے نائب صدر یہاں سردار ولبھ بھائی پٹیل پوسٹ گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ آف پیڈیا ٹرکس جسے عام طور پر ششو بھون کے نام سے جانا جاتا ہے ، کادورہ کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے ۔ ششو بھون میں گزشتہ ماہ صرف 12دن کے دوران60سے زائد نومولود بچوں کی اموات ہوئی ہیں ۔ راہول گاندھی نے بچوں کو ملک کا مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کو ریاست کے مستقبل کی پرواہ نہیں ہے حالانکہ اوڈیشہ میں فنڈس کی کوئی کمی نہیں ہے جو معدنی دولت کے وسائل سے مالا مال ہے۔ یہ بتاتے ہوئے کہ ششو بھون کو مناسب انداز میں چلانے میں کوئی دشوری نہیں ہونی چاہئے ، انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کا رویہ تبدیل ہونا چاہئے ۔ راہول گاندھی نے اس ہاسپٹل میں تقریبا آدھا گھنٹہ گزارا اور ڈاکٹروں سے بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے اس دورہ کے پس پردہ کوئی سیاست کار فرما نہیں ہے جیسا کہ اوڈیشہ میں حکمراں بی جے ڈی الزام عائد کررہی ہے ۔ راہول نے کہا میں بذات خود یہاں کے حالات کا مشاہدہ کرنے آیا ہوں اور میں یہ سمجھتا ہوں کہ میرے اس دورہ سے ریاستی حکومت پر کچھ نہ کچھ دباؤ پڑے گا اور وہ صورتحال کو بہتر بنائے گی ۔ اگر ریاستی حکومت یہ سمجھتی ہے کہ میرے اس دورہ کے پس پردہ کوئی سیاست ہے تو مجھے خوشی ہے کہ اس کی وجہ سے انتظامیہ کی توجہ ہاسپٹل کی جانب مبذول ہوئی ہے ۔

Naveen Patnaik 'lacks focus' on Odisha's future: Rahul Gandhi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں