مہاراشٹر میں گوشت پر پابندی - شیو سینا کی خلاف ورزی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-11

مہاراشٹر میں گوشت پر پابندی - شیو سینا کی خلاف ورزی

ممبئی
یو این آئی
شیو سینا اور ایم این ایس نے آج برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کی طرف سے ممبئی میں گوشت کے فروخت پر پابندی عائد کرنے کے حکم کی کھلے عام خلاف ورزی کی۔ بی ایم سی نے جین فرقہ کے مذہبی جذبات کو مد نظر رکھتے ہوئے10,13,17اور18ستمبر کو ممبئی کے نواحی علاقے دیونار میں واقع مسلح خانہ کو بند کرنے کا حکم دیا تھا۔ شیو سینا اور ایم این ایس کے کارکنوں نے اس حکم کی کھلے عام خلاف ورزی کرتے ہوئے آج دادر کے آگر بازار میں اسٹال لگا کر گوشت فروخت کیا۔ پولیس نے تاہم بعد میں ان کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ خیال رہے کہ شیو سینا ریاست میں بی جے پی حکومت کی سب سے بڑی حلیف ہے ۔ جب کہ ممبئی بلدیہ رپ بی جے پی کا کنٹرول ہے۔ شیو سینا کے سنجے راوت نے حکومت کے فیصلے کو مذہبی دہشت گردی قرار دیا اور کہا کہ جین کی طرح سکھ ، مسلمان، عیسائی بھی خود کو اقلیت کہتے ہیں۔ ہم ان کا احترام کرتے ہیں لیکن ان پر یہ فیصلہ نافذ نہیں کیا جاسکتا کہ انہیں کیا کھانا چاہئے اور کیا نہیں ۔ بی جے پی کی دلیل ہے کہ یہ کوئی پابندی نہیں ہے لیکن ہر فرقہ کے تئیں تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنا ہی سیکولرازم کی روح ہے۔ این سی پی کے غلبہ والے نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن نے بھی گوشت کے فروخت پر اسی طرح کی پابندی کا اعلان کیا ہے ۔ نوی ممبئی کے ایک وارڈ کے عہدیدار نے اپنے بیان میں کہا کہ17ستمبر تک یعنی8دن تک چلنے والے جینیوں کے تہوار پر یوشن کے دوران گوشت فروخت نہیں کیاجائے گا۔ اس پابندی کا اطلاق مٹن اور چکن پر کیا گیا ہے جب کہ انڈا اور مچھلی کو اس سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ پریوشن کے دوران میٹ کی فروخت پر امتناع1964ء سے لگایاجارہا ہے ۔2004ء میں این سی پی کانگریس حکومت نے دو دن کے لئے امتناع عائد کیا تھا تاہم موجودہ حکومت نے اس کو چار دن تک کردیا۔

Mumbai meat ban: Defiant Shiv Sena, MNS sell meat on mumbai streets

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں