یو این آئی
آر ایس ایس کا بظاہرحوالہ دیتے ہوئے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج کہا کہ تشدد پسند غیر سرکاری عناصر کا مرکز میں این ڈی اے حکومت پر کنٹرول ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک دن قبل ہی تصادم سے گریز اور ماحولیاتی شعور پر عالمی ہندو۔ بودھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاتھا کہ تشدد پسند غیر سرکاری عناصر جو اس وقت بڑے علاقوں پر قابض ہیں ، بے قصور عوام پر بربریت آمیز تشدد برپا کئے ہوئے ہیں ۔ راہول گاندھی نے اسی تناظر میں ٹوئیٹر پر آج کہا ،مودی جی کو دنیا بھر میں بڑے علاقوں پر قابض تشدد پسند غیر سرکاری عناصر دیکھ سکتے ہیں لیکن وہ خود اپنی ذات اور اپنی حکومت پر کنٹرول رکھنے والے تشدد پسند غیر سرکاری عناصر کو نہیں دیکھ سکتے ۔ گاندھی کا یہ ریمارک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب کہ مودی نے آج ہی مدھیہ آنچل بھون میں آر ایس ایس کے ساتھ اپنی پارٹی کے اجلاس میں شرکت کی ۔ سنگھ پریوار کے اس سہ روزہ اجلاس میں جس کا آج اختتام عمل میں آیا معیشت ، تعلیم اور قومی سلامتی جیسے اہم شعبوں سے تعلق رکھنے والے مرکزی وزرا نے شرکت کی اور آر ایس ایس کو حکومت کی کارکردگی سے واقف کروایا گیا ۔ قبل ازیں اے آئی سی سی ترجمان آنند شرما نے کہا کہ وزیر اعظم اور ان کے کابینی وزراء کی آر ایس ایس اجلاس میں شرکت سے سنگھ کے سیاست پر گرفت رکھنے کا راز فاش اور بی جے پی۔ آر ایس ایس کا گٹھ جوڑ بے نقاب ہوگیا ۔ کانگریس کے ایک اور ترجمان شکتی سنہ گویل نے اپنے رد عمل میں آر ایس ایس کو راشٹریہ کی سپریم سرکار، سے تعبیر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جوان مرن برت پر بیٹھے ہوئے ہیں لیکن وزیر اعظم کو ان کی بات سننے کے لئے وقت نہیں ہے لیکن وہ آر ایس ایس کے پاس جانا اور ا سکی باتیں سننا چاہتے ہیں ۔
Rahul: Modi, his govt controlled by intolerant non-state actor
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں