حرم شریف میں کرین گرنے کا سانحہ - 87 جاں بحق - 200 سے زائد زخمی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-12

حرم شریف میں کرین گرنے کا سانحہ - 87 جاں بحق - 200 سے زائد زخمی

ریاض
رائٹر
مکہ مکرمہ میں شدید بارش اور ریت کی آندھی کے باعث آج مسجد الحرام میں ایک بھاری بھرکم کرین گرنے کا المناک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجہ میں کم از کم87افراد جاں بحق اور201سے زائد زخمی ہوگئے ۔ یہ کرین صفا ومروہ کی تیسری منزل پر گر پڑا جس کے نتیجہ میں عمارت کا ملبہ مطاف میں گرا اور درجنوں افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے ۔ جب یہ حادثہ پیش آیا تو چاروں طرف لا الہ الا اللہ کے ورد کی صدائیں گونج رہی تھیں ۔ یہ حادثہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب کہ سال رواں حج کی ادائیگی کے لئے دنیا بھر سے تقریبا دس لاکھ عازمین اب تک مکہ مکرمہ پہونچ چکے ہیں ۔ حادثۃ جمعہ کو نماز مغرب سے قبل اس وقت پیش آیا جب کہ حرم شریف میں عازمین اور مقامی افراد کا ہجوم تھا۔ سعودی عرب کے محکمہ سیول ڈیفنس کے ایک عہدیدار نے87افراد کے جاں بحق ہونے کی توثیق کی ہے ۔ سیول ڈیفنس نے اپنے توئٹر پر کہا کہ حادثہ میں83افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ العربیہ ٹیلی ویژن نے اطلاع دی کہ کرین طاقتور آندھی کے سبب گر پڑا ۔ سعودی عرب کے مغربی علاقہ میں گزشتہ دنوں سے زبردست ریت کا طوفان جاری ہے ۔ اور آج اس کے ساتھ شدید بارش شروع ہوگئی ۔ سعودی حکام نے لاکھوں مسلمانوں کے فریضہ حج کی ادائیگی کو محفوظ اور یقینی بنانے کے لئے وسیع تر انتظامات کئے ہیں اور گزشتہ چند سال سے بڑے پیمانہ پر حرم شریف کی توسیع کاکام چل رہا ہے اور حرم شریف کے احاطہ اور باہر جگہ جگہ انتہائی بھاری ووزنی بلند قامت کرین نصب ہیں ۔ اسی کام کے نتیجہ میں احتیاط کے طور پر گزشتہ سال سے عازمین حج کی تعداد میں بھی تخفیف کردی گئی ہے ۔ہر سال عازمین حج کی بڑھتی ہوئی تعداد اور ماہ رمضان المبارک کے دوران عمرہ کے لئے دنیا بھر سے آنے والے زائرین کی سہولت اور کسی بھی ناگہانی صورتحال کے تدارک کے لئے نہ صرف حرم شریف کے احاطہ میں توسیع کی جارہی ہے بلکہ مناسک حج و عمرہ کی ادائیگی کے لئے عازمین حج کی ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقلی کو سہولت بخش بنانے ہمہ منزلہ پل اور عمارتیں تعمیر کی جارہی ہیں ۔ اسی احتیاط کے دوران آج پیش آئے اس سانحہ کی سوشل میڈیا کے ذریعہ دنیا کے سامنے آنے والی تصاویر سے پتہ چلا کہ جس مقام پر کرین گرا وہاں فرش پر چاروں طرف نعشیں اور خون بکھرا ہوا تھا ۔ ایک اطلاع کے بموجب کرین سے بجلی ٹکرانے سے یہ حادثہ پیش آیا ۔ حادثہ پیش آنے سے قبل سیول ڈیفنس نے علاقہ میں آندھی، شدید بارش اور تیز ہواؤں کا انتباہ جاری کیا تھا۔ حادثہ کے ساتھ ہی بچاؤ عملہ متحرک ہوگیا اور سعودی حلال احمر کے طبی کارکنوں کی ٹیمیں جائے حادثہ پہنچ گئیں اور نعشوں کو ہٹانے اور زخمیوں کو بچانے کی کوششوں میں مصروف ہوگئیں ۔ زخمیوں کو کئی ایمبولنس گاڑیوں کے ذریعہ تیزی کے ساتھ مختلف اسپتالوں کو پہونچایا گیا ۔ اس موقع پر عازمین کو بھی طبی ٹیموں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے دیکھا گیا ۔ اسی دوران ہندوستانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہ اگیا کہ زخمیوں میں 9ہندوستانی شامل ہیں ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے ٹوئٹ کے ذریعہ اطلاع دی کہ جدہ میں ہندوستانی قونصل خانہ مکہ مکرمہ میں اس المناک حادثہ کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے ۔ ہمیں اطلاع ملی ہے کہ زخمیوں میں9ہندوستانی عازمین شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قونصل خانہ جنرل کلے بشمول دیگر اعلیٰ ہندوستانی عہدیدار مکہ مکرمہ میں موجود ہیں اور تمام سرکار ی اسپتالوں میں ہندوستانی ڈاکٹرس تعینات ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مزید معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

Mecca crane collapse: 87 dead at Grand Mosque

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں