کشمیر میں بیف پر امتناع کے خلاف احتجاج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-12

کشمیر میں بیف پر امتناع کے خلاف احتجاج

سری نگر
پی ٹی آئی
جموں و کشمیر ہائی کورٹ کی جانب سے ریاست میں بیف کی فروخت پر امتناع کے قانون کی عمل آوری کے فیصلہ کے خلاف آج عوام نے زبردست احتجاج کیا جب کہ چند نوجوانوں نے عراق و شام کے بڑے رقبہ پر قابض اسلامی ریاست( آئی ایس) اور پاکستان کے پرچم لہرائے ۔ اس موقع پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں ۔ پولیس نے بتایا کہ نماز جمعہ کے بعد چند نقاب پوش نوجوانوں نے ترنگا نذر آتش کیا اور آئی ایس کے بشمول کئی متنازعہ پرچم لہرائے ۔ نوہٹہ میں تاریخی جامع مسجد کے قریب پاکستانی پرچم لہرایا گیا ۔ ان نوجوانوں کے ہاتھوں میں لشکر طیبہ کے بانی حافظ سعید اور حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان مظفر کے پوسٹرس بھی تھے ۔ بعض مظاہرین نے وہاں تعینات پولیس جوانوں پر پتھراؤ کیا ۔ پولیس نے انہیں منتشر کرنے آنس گیس شل برسائے ۔ تاہم وہاں سے کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے ۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ مظاہرین اور پولیس میں کئی جگہ جھڑپیں ہوئیں۔ جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے150سال قدیم قانون نافذ کرتے ہوئے پولیس کو ہدایت دی کہ ریاست میں کسی بھی مقام پر بیف کی فروخت نہ ہونے کو یقینی بنایاجائے اور جو لوگ قانون کی خلاف ورزی کریں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ اسی دورام اطلاعات کے مطابق ہائی کورٹ احکام کے خلاف بطور احتجاج اننت ناگ میں کئی مویشی ذبح کئے گئے۔ مظاہرین جن میں بیشتر نوجوان تھے حریت پسندنعرے لگارہے تھے۔ انہوں نے جلوس نکالنے کی کوشش کی ، لیکن پولیس نے اسے ناکام بنادیا ۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے پہلے لاٹھی چارج کیا اور اس کا کوئی اثر نہ ہونے پر سیکوریٹی فورسس نے آنسو گیس شل برسائے ۔ مظاہرین منتشر ہونے کے بعد پھر جمع ہورہے تھے اور سیکوریٹی فورس پر پتھراؤ کررہے تھے ۔ بعض مظاہرین نوہٹہ چوک تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے اور سیکوریٹی فورسس سے ان کا تصادم ہوا۔ شہرخاص اور کئی علاقوں میں سیکوریٹی فورسس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کی اطلاع ہے۔ جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھی ایسی ہی جھڑپوں کی اطلاع ہے جہاں نماز جمعہ کے بعد سینکڑوں افراد اہم چوراہے پر جمع ہوئے ۔ جمعہ کے پیش نظر حریت کانفرنس کے دونوں گروپوں کے قائدین اور دیگر علیحدگی پسندوں نے عوام سے بیف پر امتناع کے خلاف جلسے جلوس منظم کرنے کی اپیل کی تھی ۔ اس موقع پر عوام ہڑتال کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔

J-K: Violent protests erupt in Valley after HC ban on beef

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں