چھتیس گڑھ میں بھی گوشت کی فروخت پر امتناع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-12

چھتیس گڑھ میں بھی گوشت کی فروخت پر امتناع

رائے پور
پی ٹی آئی
جین طبقہ کے پرییوشن تہوار کے دوران ممبئی مہاراشٹرا اور راجستھان کے چند علاقوں میں بکرے کے گوشت کی فروخت پر امتناع پر جاری تنازعہ کے دوران حکومت چھتیس گڑھ نے بھی8روزہ تہوار اور گنیش چتورتھی تہوار کے دوران گوشت کی فروخت پر امتناع عائد کرنے کے احکام جاری کئے ہیں ۔ شہری انتظامیہ کے ڈپٹی سکریٹری جتیندر شکلا نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی شہری انتظامیہ نے بلدیات کو ہدایت جاری کی ہے کہ جین طبقہ کے پریوشن پارو اور گنیش چتورتھی کے دوران10تا17ستمبر تمام مسالخ اور بکرے کے گوشت کی دکانات بند رکھی جائیں ۔ گنیش چتورتھی 17ستمبر کو منائی جائے گی۔ شکلا نے کہا کہ اس عرصہ کے دوران تمام میٹ شاپس اور مسالخ بند رکھے جائیں گے ۔ احکام کی خلاف ورزی کرنے والوں اور احکام کے نفاذ میں ناکام رہنے والے بلدی عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ رائے پور میونسپل کارپوریشن کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ تمام زونل، ہیلتھ آفیسرس اور پولیس اسٹیشنوں کو اس سلسلہ میں ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ ریاستی حکومت2011سے پرییوشن تہوار کے دوران گوشت کی فروخت پر امتناع عائد کرتی رہی ہے ۔ یہاں یہ تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ ممبئی میں ایسی ہدایات جاری کرنے پر تنازعہ پیدا ہوگیاہے جہاں بی جے پی کی حلیف جماعت شیو سینا اور اپوزیشن ایم این ایس سڑکوں پر اتر آئے ہیں ۔ حکومت راجستھان نے بھی17ستمبر(پرییوشن) 18ستمبر(جین طبقہ کے ایک اور تہوار سنوتھ ساری) اور 27ستمبر (اننت چترداشی) کے موقع پر گوشت اور مچھلی کی فروخت پر پابندی کے احکام جاری کئے ہیں۔ مہاراشٹرا میں حکمراں بی جے پی نے میونسپل کارپوریشن آف گریٹر ممبئی( ایم سی جی ایم) سے عائد کردہ امتناع کا دفاع کیا ہے لیکن شیو سینا ، اپوزیشن ایم این ایس ، کانگریس اور این سی پی اس کی شدید مخالفت کررہے ہیں ۔ انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ اقدام رائے دہندوں میں پھوٹ ڈالنے اور2017کے اوائل میں ہونے والے بلدی انتخابات سے قبل سماج کے ایک طبقہ کو خوش کرنے کے لئے اٹھایاجارہا ہے ۔ ممبئی سے متصل ضلع تھانے کی میرا۔ بھیندر اور نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ایسا ہی امتناع عائد کیا گیا ہے ۔ قبل ازیں شیو سینا سربراہ اودھو ٹھاکرے نے کہا تھا کہ ان کی پارٹی اس بات کو یقینی بنائے گی کہ گوشت کی فروخت پر کوئی امتناع نہ ہو۔

Meat Ban in State No 4. Now Chhattisgarh Joins Ban-Wagon

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں