جولائی 2006 ممبئی ٹرین دھماکے کیس - 12 خاطی قرار ایک بری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-12

جولائی 2006 ممبئی ٹرین دھماکے کیس - 12 خاطی قرار ایک بری

ممبئی
آئی اے این ایس
لوکل ٹرینوں میں 7/11 کے سلسلہ وار دھماکے کیس میں جس میں189افراد ہلاک ہوئے تھے خصوصی عدالت نے جمعہ کو12افراد کو خاطی قرار دیا اور ایک کو بری کردیا۔ اسپیشل پبلک پراسیکوٹر راجہ ٹھاکرے نے فیصلہ سنائے جانے کے بعد میڈیا سے کہا کہ11جولائی2006ء کے سلسلہ وار دھماکوں کا فیصلہ جس کا عرصہ سے انتظار تھا ، سنادیا گیا۔ 13کے منجملہ 12ملزمین خاطی قرار پائے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک شخص کو بری کردیا گیا جب کہ12 خاطیوں کے خلاف دو الزامات ایسے ہیں جن سے انہیں سزائے موت ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سزا کتنی ہو اس پر پیر کو بحث ہوگی ۔ سابق اے ٹی ایس سربراہ کے پی رگھوونشی نے جو دھماکوں کی تحقیقات میں شامل تھے ، کہا کہ میرے خیال میں یہ مہلوکین اور زخمیوں سے انصاف ہے۔ خصوصی مکوکا عدالت نے ویسٹرن ریلوے کی 7سب اربن ٹرینوں میں شام کے مصروف اوقات میں گیارہ منٹ میں آرڈی ایکس دھماکوں میں189افراد کی ہلاکت کے9سال بعد جمعہ کو ممبئی میں اپنا فیصلہ سنایا۔11جولائی2006کی شام6:23بجے سے جب کہ سب اربن ٹرینیں گھر جانے والے مسافرین سے پر ہوتی ہیں، سلسلہ وار دھماکوں میں189افراد ہلاکتوں کے علاوہ817افراد زخمی ہوئے تھے۔ سات بم دھماکے ممبئی اور تھانے کے مالنگہ روڈ، ماہم باندرہ، کھارروڈ ، جوگیشوری بوریولی اور میرا روڈ اسٹیشنوں میں لوکل ٹرینوں میں ہوئے تھے۔ پولیس نے کہا تھا کہ انتہائی عصری دھماکو مادہ نے سات لوکل ٹرینوں کے زیادہ تر فرسٹ کلاس ڈبوں کو تباہ کردیا تھا۔ یہ تمام ٹرینیں شمالی سمت میں سفر کررہی تھیں۔ دو دھماکے اس وقت ہوئے تھے جب پرہجوم ٹرینیں بوریولی اور ماہم اسٹیشن پہنچ رہی تھیں ۔ دیگر دھماکے اس وقت ہوئے جب ٹرینیں ، اسٹیشنوں سے نکل رہی تھیں یا اپنی منزل پر پہنچ رہی تھیں ۔ دھماکوں میں15تا20کلو آرڈی ایکس استعمال کیا گیا تھا ۔ دھماکے اتنے طاقتور تھے کہ سات ٹرین ڈبوں کی دو پرت والی فولادی چھتوں اور دیواروں کے پرخچے اڑ گئے ۔ ہنگامی سماعت کے دوران استغاثہ نے188گواہ پیش کئے جن میں کئی مسافر ، دھماکوں میں زندہ بچنے والے، ڈاکٹرس، پولیس ملازمین اور دیگر شامل تھے ۔ ان کی گواہیوں کے لئے تقریبا5500صفحات درکار ہوئے ۔ پی ٹی آئی کے بموجب ممبئی کی سب اربن ٹرینوں مین آرڈی ایکس بم دھماکوں میں188افراد کی ہلاکت کے نو سال بعد مکوکا عدالت نے آج12افراد کو خاطی پایا ۔ فیصلہ سناتے ہوئے اسپیشل مہاراشٹرا کنٹرول آف آرگنائزڈ کرائم ایکٹ( مکوکا) جج یتن ڈی شنڈے نے12ملزمین کو خاطی قرار دیا اور ایک ملزم عبدالوحید شیخ34سالہ، کو بری کردیا ۔ آج خاطی قرار پانے والے ملزمین میں کمال احمد انصاری37سال،تنویر احمد انصاری37سال، محمد فیصل شیخ36،احتشام صدیقی30، محمد مجید شیخ32، شیخ عالم شیخ41، محمد ساجد انصاری34، مزمل شیخ27، سہیل محمود شیخ43، ضمیر احمد شیخ36، نوید حسین خان30، اور آصف خان38سال شامل ہیں ۔ تاہم اعظم چیمہ دیگر14کے ساتھ ہنوز مفرور ہیں ۔11جولائی2006کو سات آر ڈی ایکس بم دھماکے دس منٹ کے وقفہ میں سب اربن ٹرینوں کے فرسٹ کلاس ڈبوں میں کھارروڈ، سانتا کروز ، باندرہ، کھارروڈ ، جوگیشوری، ماہم جنکشن، میرا روڈ ، بھیئندر، مالنگہ، ماہم جنکشن اور بوریولی کے درمیان ہوئے تھے ۔

2006 Mumbai train blasts: 12 convicted

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں