وزیر اعظم ملائیشیا کا مستعفی ہونے سے انکار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-01

وزیر اعظم ملائیشیا کا مستعفی ہونے سے انکار

کوالالمپور
پی ٹی آئی
مشکل سے دوچار ملائیشیا کے وزیر اعظم نجیب رزاق نے آج700ملین امریکی ڈالر کے مالیاتی اسکینڈل کے مسئلہ پر مستعفی ہونے سے انکار کردیا اور اس مسئلہ پر ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آنے والے مظاہرین کی سرزنش کی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ مفسدین کو ملک تباہ نہیں کرنے دیں گے ۔ ہمہ نسلی ملک ملائشیا میں قومی دن کے موقع پر آج نجیب رزاق نے کہا کہ اس طرح کے مظاہرے جمہوری ملک میں اپنی آرا پیش کرنے کا صحیح طریقہ نہیں ہیں۔ یہ ملک ہمارے ہیروز کی قربانیوں سے وجود میں آیا جنہوں نے اس بات کو یقینی بنانے کے لئے اپنی جانیں قربان کردیں کہ عوام آزاد اور پر امن رہیں۔ نجیب نے اس موقع پر ٹیلی ویژن پر اپنے راست خطاب میں یہ بات کہی ۔ قومی دن پر عموما ریکارڈ کردہ پیغام کے بجائے رواں سال نجیب نے قوم سے راست خطاب کیا اور وعدہ کیا کہ وہ ڈوبتی کرنسی کے باوجود ملائشیا کو زوال سے دوچار نہیں ہونے دیں گے اور عہد کیا کہ مفسدین کو ملک تباہ کرنے نہیں دیں گے ۔ حکومت نے دارالحکومت کی سڑکوں سے مظاہرین کو ہٹا کر رنگا رنگ تقاریب کے ذریعہ اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ عوام سے حکومت کا محاسبہ کرنے بیلٹ باکس کا سہارا لینے کی خواہش کرتے ہوئے انہوں نے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے تاکہ وہ اور ان کی ٹیم موجودہ چیلنجوں سے نمٹنے کے طریقوں پر توجہ مرکوز کرسکین ۔ نجیب نے عوام سے ان افواہوں پر کان نہ دھرنے کی اپیل کی کہ ملائشیا دیوالیہ ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی افواہیں مخصوص ایجنڈا کے حامل افراد پھیلاتے ہیں ۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی برنامہ نے نجیب سے ھوالے سے کہا کہ ہم اندرون یا بیرونی ملک کسی کو بھی آسانی سے سرقہ کرنے ، تباہ و برباد کرنے نہیں دیں گے جسے ہم سب نے تعمیر کیا ہے ۔ ہمیں یہ بات یاد رکھنی چاہئے کہ اگر ہم متحد نہ ہوں ، یکجہتی اور پیوستگی ختم کردیں تو تمام مسائل حل نہیں ہوں گے اور ہر چیز جسے ہم نے سخت محنت سے تعمیر کی اسی طرح تباہ کردی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مظاہرے جس سے نظم و ضبط متاثر ہوا اور عوام کو تکلیف پہنچی بردباری کا عکاس نہیں ہیں اور جمہوری ملک میں اپنی آراء پیش کرنے کا صحیح طریقہ نہیں ہین۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتہ ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور نجیب سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا جن پر ریاستی فنڈ سے لاکھوں ڈالر کی بدعنوانی کا الزام ہے ۔ پولیس نے کہا کہ ویکینڈ کے دو ایام کے دوران25ہزار افراد نے مظاہروں میں شرکت کی جس کا اہتمام جمہوریت نواز گروپ برسیح نے کیا تھا۔ نجیب نے مقروض ملک کے ریاستی فنڈ سے700ملین ڈالر غبن کرنے کے الزام کی تردید کی۔ یہ اسکینڈل ملک میں اس وقت سرخیوں میں آیا جب وال اسٹریل جرنل نے دستاویزات شائع کیں کہ700ملین ڈالرس کی رقم آئی ایم ڈی بی اسٹیٹ انوسٹیمنٹ فنڈ سے حاصل کی گئی تھی ۔

Malaysian PM refuses to resign as country marks National Day

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں