ایس این بی
حکومت آندھر اپردیش نے یکم جنوری2016تک ریاست آندھر اپردیش کو مکمل طور پر صاف بنانے کا نشانہ مقر ر کیا ہے ۔ سوچھ آندھر اپردیش پروگرام کے پہلے مرحلہ کے تحت یکم جنوری2016تک آندھرا پردیش کو مکمل طور پر صاف بنایاجائے گا۔ وزیر اعلیٰ آندھر اپردیش چندرا بابو نائیڈو نے آج وجئے واڑہ میں بلدی کمشنرس کے ساتھ اس تعلق سے ایک اجلاس منعقد کیا۔ اس اجلاس میں انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ تمام چھوٹے شہروں میں12بجے شب سے قبل تمام عوامی مقامات کی صفائی ہونی چاہئے ۔ تاہم صبح کے اوقات میں پھینکے جانے والے کچرے کی اس وقت نکاسی عمل میں لائی جاسکتی ہے ، لیکن اس صفائی کے لئے سڑکوں پر ٹریفک مسدود نہ کی جائے۔ لہذا12بجے شب سے قبل ہی سڑکوں پر صفائی کی جانی چاہئے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ وہ صفائی کے انتظامات کا معائنہ کرنے کے لئے اچانک دورہ کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے بیت الخلاؤں کی ضرورت سے متعلق عوام میں شعور بیداری پیدا کرنے میں ناکامی پر کمشنر ان بلدیہ کی سرزنش کی ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ یکم جنوری 2016تک صفائی کے کاموں کی تکمیل کے لئے جنگی خطوط پر کام کریں۔ ہندوستان میں ویسٹ مینجمنٹ سے متعلق کمشنران بلدیہ سے تجاویز طلب کرتے ہوئے انہوں نے تما م بلدیات کو ہدایت دی کہ وہ ریاست کے ہر گاؤں اور چھوٹے شہر کو صاف ستھرا بنانے کے لئے چند قواعد کا اعلان کریں ۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سوچھ آندھرا پردیش کا رپوریشن کو چاہئے کہ وہ اس نشانہ کی تکمیل کے لئے ایک خانگی ادارے کی طرح آزادی سے سرگرم ہو ۔ انہوں نے عہدیداروں سے سوال کیا کہ آندھرا پردیش کے گاؤں اور چھوٹے شہروں کو سوچھ بھارت کے مرکزی حکومت کی رینکنگ میں اول درجہ کے100شہروں میں کیوں نہیں شامل کیاجاسکتا ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تمام کمشنران بلدیہ کوچاہئے کہ وہ اپنے متعلقہ شیروں اور چھوٹے شہروں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لئے کام کریں ۔ علاوہ ازیں آلودگی پر قابو پانے کے میکانزم سیوریج اور تعمیرات میں اضافہ کے پیش نظر ملبہ کی نکاسی کے انتظام وغیرہ کے لئے سرگرمی سے خدمات انجام دیں ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم عوام مین صفائی سے متعلق شعور بیداری پیدا کریں گے تاکہ وہ ذمہ دارانہ طور پر اپنے فرائض کی انجام دہی کریں اور ہم عوام سے اس تعلق سے ان کے خیالات سے بھی واقفیت حاصل کریں گے کہ بلدیات میں صفائی اور علاقہ کو خوبصورت بنانے کے کام کیسے انجام دئیے جارہے ہیں ۔
AP to be open defecation free by January next: Naidu
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں