تین اہم علیحدگی پسند قائدین سید علی شاہ گیلانی کی حریت کانفرنس میں شامل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-10

تین اہم علیحدگی پسند قائدین سید علی شاہ گیلانی کی حریت کانفرنس میں شامل

سری نگر
پی ٹی آئی
سید علی شاہ گیلانی زیر قیادت سخت گیر حریت کانفرنس کو آج اس وقت تقویت ملی جب تین اہم علیحدگی پسند قائدین بشمول شبیر شاہ نے گروپ میں شمولیت اختیار کرلی اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنی جدو جہد کو مشترکہ پلیٹ فارم سے آگے بڑھانے کی وکالت کی ۔ ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی کے شبیر شاہ، نیشنل فرنٹ کے نعیم خاں اور انجمن شعائر شیعان کے آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے گیلانی زیر قیادت گروپ میں شامل ہونے کے اپنے فیصلہ کا آج ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا۔ یہ پریس کانفرنس حریت کے رہنما کی حیدر پورہ میں واقع رہائش گاہ پر منعقد کی گئی تھی۔ گیلانی نے ان قائدین کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کے گروپ میں شامل ہونے کے خواہشمند تمام افراد کے لئے ان کے دروازے کھلے ہیں ۔ وہ امید کرتے ہیں کہ یہ قائدین عوام کی تمناؤں کی حقیقی نمائندگی کریں گے۔ گیلانی نے کہا کہ علیحدگی پسند قیادت کو کئی چیلنجس درپیش ہیں اور ان کا مقابلہ کرنے کے لئے اتحاد وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جسمانی، ذہنی اور نظریاتی ہر قسم کا اتحا د وقت کی ضرورت ہے ۔ علیحدگی پسند قائدین کی نقل و حرکت پر مسلسل پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے گیلانی نے چیف منسٹر مفتی محمد سعید کو اس پالیسی کے جاری رکھنے پر سنگین اور خطرناک نتائج کا انتباہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عبادتیں انجام دینے کی اجازت دی جانی چاہئے اور اسی طرح عوام سے ملنے کا بھی موقع دینا چاہئے ۔ سعید کے پاس اس کا کوئی سماجی، اخلاقی یا قانونی جواز نہیں ہے ۔ اگر چیف منسٹر نے یہ غیر جمہوری رویہ برقرا رکھا تو انہیں اس کے خطرناک نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

Three separatist leaders join Geelani's Hurriyat Conference

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں