کے سی آر کی ورلڈ اکنامک فورم صدر سے ملاقات - معاشی ترقی کے فروغ پر تبادلہ خیال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-10

کے سی آر کی ورلڈ اکنامک فورم صدر سے ملاقات - معاشی ترقی کے فروغ پر تبادلہ خیال

حیدرآباد
منصف نیوز بیورو ، یو این آئی
ورلڈ اکنامک فورم کی چین میں ہونے والی کانفرنس( جسے گرمائی ڈاؤس بھی کہاجاتا ہے) میں شرکت کے لئے گئے ہوئے تلنگانہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ڈلان میں نیو چیمپئن کانفرنس کے موقع پر ورلڈ اکنامک فورم کے صدر پروفیسر کلاؤس شواب سے ملاقات کی ۔ یاد رہے کہ یہ کانفرنس ایشیا کی سب سے بڑی کانفرنس ہے اور اس ملاقات کے دوران کے سی آر نے فورم کے صدر کے سامنے تلنگانہ کی سنگل ونڈو صنعتی پالیسی کی تفصیلات پیش کیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ان کی ریاست وزیر اعظم نریندر مودی کے نقش قدم پر چل رہی ہے جنہوں نے گجرات کو ملک کی سب سے ترقی یافتہ ریاست بنادیا اور کہا کہ تلنگانہ کی نئی صنعتی پالیسی، پچھلے تین ماہ میں52صنعتی کمپنیوں کی جانب سے12ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری لانے میں کامیاب ہوئی ہے ۔ انہوں نے اپنی پالیسی کے نئی خصوصیت کی بھی وضاحت کی جس کے تحت بڑے پراجکٹس کو صرف15دن میں منظوری دینے کی ذمہ داری ریاستی حکام پر ڈالی گئی ہے ۔ چیف منسٹر آفس کے ذرائع کے مطابق شواب نے تلنگانہ کی ایک ایسی ریاست کے طور پر تعریف کی جو سماجی اور معاشی ایجادات کے لئے جانی جاتی ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ1971میں اپنی تشکیل کے بعد سے ورلڈ اکنامک فورم دنیا کی سب سے زیادہ فریقوںوالی تنظیم بن گئی ہے اور دنیا کے مختلف حصوں میں اس نے ثالثی کے کام انجام دئیے ہیں۔ دونوں نے تقریبا تیس منٹ تک گفتگو کی ۔ چیف منسٹر نے شواب سے درخواست کی کہ وہ ورلڈ اکنامک فورم کی حیدرآباد میں میزبانی کریں جس پر کے سی آر نے انہیں خوش آمدید کہا ۔ چیف منسٹر نے انہیں تلنگانہ کے مختلف سماجی اور معاشی پہلوؤں کے بارے میں بتایا۔ یو این آئی کے بموجب چیف منسٹر کے سی آر نے شواب فاؤنڈیشن فار سوشل انٹر پرینر شپ کے چیر پرسن سے بھی ملاقات کی۔ اس فاؤنڈیشن کا قیام1998میں عمل میں آیا تھا اور یہ بنیادی سطح پر مسائل کے حل کے لئے صنعتوں کو فروغ دیتی ہے۔ ہر سال اس فاؤنڈیشن کی جانب سے سوشل انٹر پرینر آف دی ایئر ان انڈیا کا بھی انتخاب کیاجاتا ہے ۔ چیف منسٹر نے انہیں بتایا کہ اس انعام کے لئے منتخب ہونے والے افرادمیں سے تین کا تعلق تلنگانہ سے ہے۔ اربن ڈیولپمنٹ چیلنجس کے سیشن میں کے سی آر نے اپنے حیدرآباد ویژن کا تفصیل سے تذکرہ کیا۔ انہوں نے اہم چینی شہروں گوانگ زہو اور یوی کے میئر اور وائس میئرس کے ساتھ ہونے والے اپنے تجربات کا ذکر کیا اور درخواست کی کہ وہ شہر کی ترقی کے لئے اپنے تجربہ اور مہارت کا تبادلہ کریں ۔

China Tour: TS CM KCR's speech @ 'World Economic Forum'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں