کشمیر میں بیف پر امتناع کے خلاف ہڑتال - عام زندگی مفلوج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-13

کشمیر میں بیف پر امتناع کے خلاف ہڑتال - عام زندگی مفلوج

سری نگر
پی ٹی آئی، یو این آئی
علحدی پسندوں کی جانب سے بیف پر پابندی کے خلاف عام ہڑتال کے اعلان کے بعد وادی کشمیر میں عام زندگی مفلوج ہوگئی ہے ۔ وادی میں امن و ضبط کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہڑتال کے پیش نظر سیکوریٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے ۔ گرمائی دارالحکومت سری نگر میں دکانات ، تجارتی ادارے ہنوز بند رہے اور سڑکوں پر ٹریفک دکھائی نہیں دیا ۔ بہت کم تعداد میں خانگی گاڑیاں یا آٹو چلتے دکھائی دئیے ۔ ریاستی روڈ ٹرانسپورٹکی بسیں بھی سڑکوں سے غائب تھیں ۔ سرکاری دفتروں ، بینکوں اور عوامی اداروں میں بھی کام کاج کی وجہ سے متاثر رہا ۔ تعلیمی ادارے بھی بند تھے۔ کشمیر یونیورسٹی کے آج منعقد ہونے والے تمام امتحانات کو ملتوی کردیا گیا تھا۔ یہ دوسری مرتبہ ہے کہ کشمیر یونیورسٹی کے امتحانات کو ملتوی کیا گیا ہے ۔ 7ستمبر کو بھی تباہ کن سیلاب کا ایک سال مکمل ہونے کے پیش نظر تعلیمی ادارے بند تھے۔ اسی دوران ہبا کدل، نربل اور بٹمالو میں پولیس اور نوجوانوں کے درمیان تصادم کی اطلاعات ملی ہیں۔ بارہمولہ ضلع کے پٹن علاقہ میں بھی نوجوانوں اور پولیس کے درمیان تصادم ہوا۔ صورتحال کے پیش نظرعلیحدگی پسند قائدین بشمول دونوں حریت گروپوں کے صدورنشین کو بھی آج نظر بند کردیا گیا تھا ۔ سخت گیر حریت کے ترجمان ایاز اکبر نے بتایا کہ صدر نشین سید علی شاہ گیلانی اور دیگر قائدین کو بیف پر امتناع کے خلاف وادی کشمیر میں ریالیاں منعقد کرنے سے روکنے کے لئے نظر بند کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے حریت کی ایک شاخ تحریک حریت کے سکریٹری محمد اشرف صحرائی اور گندھر بل ضلع کے صدر راجہ معراج الدین کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ جے کے ایل ایف کے صدر نشین یسین ملک کو جو 10ستمبر سے نظر بند ہیں آج گھر سے باہر نکلنے نہیں دیا گیا ۔ میسومہ علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی تھی، کسی کو بھی باہر نکلنے یا اندر آنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔کشمیر کی علیحدگی پسند لیڈر اور دختران ملت تنظیم کی سربراہ آسیہ اندرا بی نے بیف پر پابندی کے حکم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اپنی رہائش گاہ پر گائے ذبح کی ۔ اس واقعہ کا ویڈیو سوشل نٹ ورک کے سائٹس پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گیا ۔ بند کے دوران سڑکوں کے بشمول کئی جگہ گائیں ذبح کی گئیں۔

Kashmir shuts down in protest over high court beef ban

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں