اب ہریانہ میں بھی گوشت پر پابندی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-13

اب ہریانہ میں بھی گوشت پر پابندی

فتح آباد( ہریانہ)
پی ٹی آئی
مذہبی تہواروں کے پیش نظر گوشت کی فروخت پر امتناع عائد کرنے والی ریاستوں میں شامل ہوتے ہوئے فتح آباد میونسپل کارپوریشن نے بھی جین تہوار کے پیش نظر 9دنوں تک جانوروں کے ذبیحہ پر پابندی لگادی ہے ۔ ایف ایم سی نے مسالخ کے مالکین کو نوٹس جاری کیا جس میں خبر دار کیا گیا ہے کہ کل سے نافذ العمل ہونے والے اس حکم نامہ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ بلدیہ کا یہ اقدام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب کہ جین تہوار کے موقع پر مہاراشٹرا اور راجستھان میں گوشت کی فروخت اور جانوروں کے ذبیحہ پر پابندی لگائے جانے کی وجہ سے تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے ۔ حکومت چھتیس گڑھ نے بھی کل گنیش تہوار کے موقع پر آٹھ دن کے لئے گوشت کی فروخت پر پابندی لگادی تھی جب کہ لدھیانہ پولیس کمشنر نے17ستمبر کو جین تہوار کے موقع پر ایک دن کے لئے نان ویج اشیا کی فروخت پر پابندی لگائی ہے۔ تاہم ممبئی کی ایک اہم بلدیہ نے کل گوشت کی فروخت اور ذبیحہ پر دو دن کے لئے لگائی گئی پابندی اٹھالی ہے کیونکہ بڑے پیمانے پر احتجاج ہوا اور تنقیدیں بھی ہوئی تھیں ۔ ساتھ ہی بامبے ہائیکورٹ نے یہ ادعا پیش کیا تھا کہ ممبئی جیسے شہر میں گوشت کی فروخت پر مکمل پابندی نہیں لگائی جاسکتی ۔ بلدیہ کے اس فیصلہ کا مطلب یہ ہے کہ مہاراشٹرا کے دارالحکومت میں اب صرف17ستمبر کو ہی گوشت نہیں ملے گا ۔ ہریانہ کے فتح آباد میونسپل کارپویشن کے اس فیصلہ کے بعد بڑے پیمانے پر رد عمل سامنے آیا ہے ۔ میٹ مارکٹ اسوسی ایشن کے ترجمان سلیم نے بتایا کہ وہ اس فیصلہ کے خلاف اپنے دکانوں کے باہر احتجاج کریں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے اس طرح کی پابندی لگائی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوراتری کے دوران بھی ایسا کوئی حکم نامہ جاری نہیں کیا گیا تھا ۔ ریاستی حکومت نے گزشتہ مہینہ اپنے عہدہداروں سے کہا تھا کہ وہ 11ستمبر سے 19ستمبر تک جین تہوار کے موقع پر مسالخوں کے مالکوں سے جانوروں کو ذبح نہ کرنے کی اپیل کریں ۔ ہریانہ کے بلدی نظم و نسق کی وزیر کویتا جین نے قبل ازیں کہا تھا کہ میونسپل کارپوریشنوں کے کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں سے کہا گیا ہے کہ وہ مسالخوں کے مالکوں سے اس مدت کے دوران جانوروں کو ذبح نہ کرنے کی اپیل کریں ۔ انہوں نے بتایا تھا کہ جین برادری کے نمائندوں نے ان سے ملاقات کرتے ہوئے اس کی خواہش کی تھی ۔ اس تہوار کو عدم تشدد کی علامت کے دور پر منایا جاتا ہے ۔

Haryana becomes fifth BJP-ruled state to ban sale of meat

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں