آندھرا میں دو پہیوں والی گاڑیوں پر یکم نومبر سے ہیلمٹ کا لزوم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-12

آندھرا میں دو پہیوں والی گاڑیوں پر یکم نومبر سے ہیلمٹ کا لزوم

حیدرآباد
پی ٹی آئی
ریاست آندھرا پردیش میں دو پہیوں کی گاڑیاں چلانے والوں کے لئے ہیلمٹ لازمی قرار دیا گیا ہے جس کا اطلاق یکم نومبر سے ہوگا۔ ریاست کے چیف سکریٹری آئی وی آر کرشنا راؤ نے آج اس بات کا اعلان کیا ہے۔ ٹرانسپورٹ ، داخلہ اور تعلیم کے محکموں کے عہدیداروں کے اجلاس کے بعد چیف سکریٹری کرشنا راؤ نے بتایاکہ روڈ سیفٹی کونسل نے دو پہیوں کی گاڑیاں چلانے والوں کے لئے ہیلمٹ پہننے کو لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کا اطلا ق ریاست بھر میں یکم نومبر سے ہوگا۔ اس طرح موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت ہیلمٹ پہننے کو لازمی قرار دیا جارہا ہے۔ ہیلمٹ پہننے کی اہمیت سے عوام کو واقف کرایاجائے گا اور عوام کو اس احکام کی پاسداری کرنے کے لئے ان میں شعور بیدار کیاجائے گا جس کے لئے مہم شروع کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہیلمٹ کو لازمی قرار دینے سے قبل روڈ سیفٹی کے عہدیداروں سے تفصیلی مشاورت کی گئی ۔ چیف سکریٹری نے مزید کہا کہ ہیلمٹ پہننے کو لازمی قرار دئیے گئے احکام پر عمل آوری کی نگرانی متعلقہ محکمہ کے عہدیدار کریں گے ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ عوام میں شعور بیدار کرنے کے لئے31اکتوبر تک ہر روز مہم شروع کریں ۔ اس کے لئے ایس ایم ایس کے ذریعہ پیامات ارسال کریں، ٹی وی پر بھی میسیج روانہ کئے جائیں اور کالج طلبہ کے لئے خصوصی کلاسس کا نظم کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہیلمٹس کی دستیابی کے بارے میں خصوصی ویب سائٹ کھولنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یکم نومبر کے بعد ہیلمٹ کے بغیر دو پہیوں والی گاڑیوں کا رجسٹریشن نہیں کیاجائے گا ۔ انہو ں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ مارکٹ میں وافر مقدار میں ہیلمٹ کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔

Helmets to be Compulsory for Using Two-Wheelers in Andhra Pradesh from November

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں