گاندھی سمرتی نہرو میوزیم میں تبدیلیوں کا منصوبہ - کانگریس کا شدید ردعمل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-03

گاندھی سمرتی نہرو میوزیم میں تبدیلیوں کا منصوبہ - کانگریس کا شدید ردعمل

نئی دہلی
پی ٹی آئی
حکومت گاندھی سمرتی اور نہرو میموریل میوزیم اینڈ لائبریری کے بشمول39اداروں میں تبدیلیاں کرے گی تاکہ ان میں نریندر مودی حکومت کے کارناموں کے بشمول جدید ہندوستان کے عوامل کو شامل کیاجائے۔ لیکن کانگریس نے اس اقدام پر تنقید کی ہے ۔ وزیر ثقافت مہیش شرما نے ان تبدیلیوں کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ ان اداروں میں جدید عوامل شامل کریں گے تاکہ انہیں با مقصد بنایاجائے۔ مہیش شرما نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ہم39اداروں بشمول گاندھی سمرتی، للت کلا اکیڈیمی اور نہرو میموریل میوزیم اینڈ لائبریری میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کررہے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایاجاسکے کہ وہ اچھی طرح سے کام کرسکیں اور انہیں با مقصد بنایاجائے ۔ یہ پوچھے جانے پر کہ اس پروگرام کے تحت تبدیلیاں کی جائیں گی، انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایاجائے گا کہ یہ ادارے اس مقصد کو پورا کریں جن کے لئے انہیں قائم کیا گیا تھا ۔ ہمہ جدید ہندوستان کو پیش کریں گے ۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا اس پروگرام کے تحت موجودہ حکومت کے کاموں کو بھی شامل کیاجائے گا انہوں نے کہا کہ یقینا ایسا کیاجائے گا لیکن انہوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔ کانگریس نے مجوزہ منصوبہ پر شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے حکومت پر الزام لگایا کہ وہ ان اداروں کے جذبہ اور کردار کو کمزور کررہی ہے ۔ پارٹی ترجمان رندیپ سرجے والا نے ایک سخت بیان میں کہا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی ہماری قوم کی تعمیر کی کسی بھی وراثت سے محروم ہیں اور وہ تحریک آزادی کے لئے ہماری گونا گوں و قابل فخر وراثت کو مسخ کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نہرو میموریل میوزیم و لائبریری نو آبادیاتی دور کے اقتدار کے خلاف ملک کی جدو جہد کی علامت اور ثبوت ہے اور اس کے علاوہ وہ ایک خود مختار جمہوری اور سیکولر قوم کی حیثیت سے ہندوستان کے ارتقاء کا بھی شاہد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی، آر ایس ایس اور نریندر مودی کی جانب سے آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم اور اس ملک کے عظیم سپوت پنڈت جواہر لال نہرو کی وراثت کو موہوم اور کمزور کرنے کی کوئی بھی کوشش عوام کے لئے قابل قبول نہیں ہوگی۔

Centre to revamp Nehru Museum; Cong cries foul

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں