پاکستان عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کا وعدہ پورا کرے - افغانستان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-30

پاکستان عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کا وعدہ پورا کرے - افغانستان

اقوام متحدہ
رائٹر
افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پر زور دیاہے کہ وہ سر حد پارسے حملے کرنے والے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کرنے کے اپنے وعدے کو پورا کرے ۔ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں عبداللہ عبداللہ کا کہنا تھا کہ سرحدپار سے شدت پسندان کے ملک میں حملہ کر کے جنگ سے دو چار غربت زدہ ملک کو کمزور کررہے ہیں ۔ عبداللہ عبداللہ نے قندوز پر طالبان کے حملے کے کچھ گھنٹوں بعد ہی پیر کی رات کو جنرل اسمبلی سے خطاب کیا ۔ اس حملے میں طالبان نے افغانستان کے اہم شمالی شہر پر قبضہ کرلیا ہے ۔ ان کا کہناتھا کہ بعض حملے سرحد پار سے ہوتے ہیں اور ہم پاکستان سے وہ کرنے کو کہہ رہے ہیں جن کا چند ماہ قبل ان کے رہنماؤں نے ہم سے کرنے کا وعدہ کیا تھا، انہوں نے معلوم شدہ شدت پسند گروہوں کے خلاف کارروائی پر اتفاق کیاتھا۔ قندوز پہلا شہر ہے جو2001میں امریکی آپریشن شروع ہونے سے بعد سے پہلی بار طالبان کے قبضے میں گیا ہے ۔ سینکڑوں طالبان نے بڑے منظم طریقے سے اس شہر پر کئی جانب سے حملہ کیا تھا جس کے باعث افغان فوج اور حکام پسپا ہوکر ہوائی اڈے میں جمع ہوگئے ہیں ۔ طالبان نے قندوز میں سرکاری عمارتوں کے علاوہ جیل پر بھی حملہ کیا اور سینکڑوں قیدیوں کو رہا کرالیا ۔ عبداللہ عبداللہ نے افغانستان میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کی سر گرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بغیر بیرونی حمایت کے اب تک یہ سطحی قسم کی گوریلا جنگ ختم ہوکر تاریخ کا حصہ بن چکی ہوتی۔ انہوں نے اس بات کی امید ظاہر کی کہ ایک دن بغاوت کی شکست تو ہوگی ۔ یہ تمام کوششیں بالآخر ہمیں جھکانے میں ناکام ثابت ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں شدت پسندوں کی پناہ گاہیں اور ان کی حمایت افغانستان کے اندرونی حالات کو مسلسل خراب کررہے ہیں ۔ اس میں حقانی نیٹ ورک ایک اہم مجرم ہے اور اس کو تباہ کرنے کی ضرورت ہے، جیسا کہ ہمارا مطالبہ رہا ہے ۔ عبداللہ عبداللہ نے کہا کہ اس سلسلے میں علاقے کیسٹیک ہولڈرز اور عالمی برادری کو موجودہ صورتحال کی سنگینی کو سمجھنا ہوگا اور انہیں اس بارے میں ہر لحاظ سے ہماری مدد کرنی چاہئے تاکہ طالبان کے ساتھ بات چیت اور مصالحت کے لئے اعتماد سازی کی فضا قائم کی جاسکے ۔

At UN, Afghan leader calls on Pakistan to crack down on terror outfits

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں