بیف امتناع معاملہ - حکومت جموں و کشمیر کو ہائی کورٹ کی نوٹس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-17

بیف امتناع معاملہ - حکومت جموں و کشمیر کو ہائی کورٹ کی نوٹس

سری نگر
پی ٹی آئی
جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے آج ریاستی حکومت کو ایک ہفتہ کی مہلت دی تاکہ وہ ان رٹ درخواستوں پر جواب داخل کرسکے جن کے ذریعہ ریاست میں ذبیحہ گاؤ کو فوجداری جرم قرار دینے سے متعلق دستوری گنجائشوں کو کالعدم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ جسٹس محمد یعقوب میر اور جسٹس بنسی لال بھٹ پر مشتمل ڈویژن بنچ نے افضل قادری نامی شخص کی جانب سے اپنے وکیل فیصل قادری کے ذریعہ داخل کردہ رٹ درخواست کی سماعت کے بعد یہ نوٹس جاری کی۔ افضل قادری نے رنبیر پینل کوڈ کی ان دفعات کو حذف کرنے کا مطالبہ کیا ہے جس کے ذریعہ ریاست میں ذبیحہ گاؤ کو فوجداری جرم قرار دیا گیا ۔ فیصل قادری نے بتایا کہ عدالت نے درخواست قبول کرلی ہے اور حکومت کو جواب دینے کے لئے ایک ہفتہ کی مہلت دی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ عدالت نے یہ بھی رولنگ دی ہے کہ اگر مقننہ رنبیر پینل کوڈ کی متعلقہ دفعات میں ترمیم یا انہیں منسوخ کرنا چاہئے تو یہ درخواست رکاوٹ نہیں بنے گی ۔ قادری نے بتایا کہ انہوں نے رنبیر پینل کوڈ کے باب نمبر15میں شامل دفعات 298D,298C,298B,298Aکو اس بنیاد پر چیلنج کیا ہے کہ وہ دستور ہند کے علاوہ جموں و کشمیر کے دستور کی دفعات نمبر25,21,14اور29کے مغائر ہیں۔ قادری نے اپنی درخواست میں کہا کہ یہ دفعات ، درخواست گزار کی شخصی آزادی میں راست مداخلت کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ یہ مذہبی اور نجی زندگی میں مداخلت کرنے کی اجازت دیتی ہیں۔

وادی کشمیر میں تین نوجوانوں کی ہلاکت کے خلاف علیحدگی پسند گروپس کی ہڑتال کے سبب آج عام زندگی مفلوج ہوگئی ۔ حزب المجاہدین نے دعویٰ کیا ہے کہ تینوں نوجوان اس کے کیڈر میں شامل تھے ۔ ان نوجوانوں کی گولیوں سے چھلنی نعشیں پیر کے دن ضلع بارہمولہ میں برآمد ہوئی تھیں ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر میں دکانات، تجارتی ادارے، پٹرول پمپ، دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دفاتر اور بینکوں میں بھی کم حاضری درج کی گئی ۔ سڑکوں پر سرکاری بسیں نہیں چلائی جارہی تھیں ۔ جب کہ شہر کے مختلف علاقوں میں کاریں، آٹو رکشہ اور کیابس چل رہے تھے ۔ وادی کے دیگر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرس سے بھی ایسی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔ علیحدگی پسند گروپس نے جن میں حریت کانفرنس کے دونوں دھڑے اور جے کے ایل ایف شامل ہیں کل ان ہلاکتوں کو سفاکانہ قتل قرار دیتے ہوئے آج ہڑتال منانے کی اپیل کی تھی۔

Beef ban row: Jammu and Kashmir High Court issues notice to govt

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں