بی جے پی ۔ آر ایس ایس کا اجلاس دستور کے ساتھ مذاق - عام آدمی پارٹی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-03

بی جے پی ۔ آر ایس ایس کا اجلاس دستور کے ساتھ مذاق - عام آدمی پارٹی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
عام آدمی پارٹی نے آج آر ایس ایس ۔ بی جے پی کے اجلاس پر سوال اٹھایا اور کہا کہ یہ دستور کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے ۔ پارٹی نے مسلمانوں کے لئے مثبت اقدامات پر زور دینے کے بعد نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری کو دائیں بازو کے ایک گوشہ کی جانب سے نشانہ تنقید بنائے جانے کی مذمت کی ۔ عام آدمی پارٹی کے سینئر قائد اشوتوش نے کہا کہ اس میٹنگ میں سر کردہ مرکزی وزراء اور بی جے پی قائدین آر ایس ایس اور اس کی ملحقہ تنظیموں کے ساتھ شریک ہیں ، جس سے سیاسی عمل میں بھگوا تنظیم کی مداخلت کا اشارہ ملتا ہے ۔ اشوتوش نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی حکومت اور آر ایس ایس کی یہ میٹنگ انتہائی قابل اعتراض ہے اور اس پر کئی سوالیہ نشان لگتے ہیں ۔ حکومت صرف عوام کو جواب دہ ہے ۔ یہ اقدام، دستوری انتظامات اور پارلیمانی جمہوریت کا مضحکہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اصل دھارے کی سیاست میں آر ایس ایس کی واضح مداخلت ہے ۔ اس تنظیم نے ماضی میں ودعدہ کیا تھا کہ وہ ایسی مداخلتوں سے باز رہے گی ۔ انہوں نے مودی پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ حامد انصاری کو بی جے پی ، آر ایس ایس اور اس سے ملحقہ تنظیموں کی تنقیدوں کا نشانہ بننا پڑے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی ان پر ایسے حملے کئے جاتے رہے ہیں۔ انہوں نے اس ضمن میں نائب صدر جمہوریہ کے خلاف بی جے پی لیڈر رام مادھو کے بعض ٹوئٹر پیامات کا حوالہ دیا ۔ اشوتوش نے کہا کہ وزیر اعظم کو اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ ایسی کسی حرکت کا اعادہ نہ ہو ، کیوںکہ نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری، ملک میں دوسرے بڑے اعلیٰ عہدہ پر فائز ہیں ۔ مودی کو ان تنظیموں پر لگام کسنی چاہئے ۔ اسی دوران پارٹی کے دہلی یونٹ کے صدر دلیپ پانڈے نے ریاستی بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ قومی دارالحکومت میں پیاز کی قیمتوں کے بارے میں دروغ گوئی سے کام لے رہی ہے اور گمراہ کن اشتہارات جاری کررہی ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عام آدمی پارٹی حکومت نے اس مسئلہ سے بہتر انداز میں نمٹا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستیش اپادھیائے (ریاستی صدربی جے پی) کو جواب دینا چاہئے کہ مرکز سفل مراکز پر20روپے کلو پیاز کیوں فروخت نہیں کررہا ہے ، ہم سے کیوں ایسا کرنے کے لئے کہا جارہا ہے ۔

BJP-RSS Meet a 'Mockery' of the Constitution, Says AAP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں