بہار میں 12 اکتوبر سے پانچ مراحل میں اسمبلی انتخابات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-10

بہار میں 12 اکتوبر سے پانچ مراحل میں اسمبلی انتخابات

نئی دہلی
پی ٹی آئی
بہار کے اسمبلی انتخابات12اکتوبر اور5نومبر کے درمیان پانچ مراحل میں لڑے جائیں گے ۔ یہ انتہائی اہم انتخابی مقابلہ ہے جسے وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت این ڈی اے اور آر جے ڈی و کانگریس کے ساتھ اتحاد کرنے والے موجودہ چیف منسٹر نتیش کمار کے لئے مقبولیت کا امتحان سمجھاجارہا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے آج ریاست کے لئے انتخابی شیڈول کا اعلان کردیا ۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر بہار نتیش کمار دونوں ہی کے لئے ان انتخابات کو ان کی مقبولیت کے امتحان کے طور پر دیکھا جارہا ہے ۔ کمیشن نے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ8نومبر کو ووٹوں کی گنتی عمل میں لائی جائے گی۔ چیف الیکشن کمشنر نسیم زیدی نے آج میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ243رکنی اسمبلی میں رائے دہی28,16,12اکتوبر اور یکم و5نومبر کو منعقد کئے جائیں گے ۔ موجودہ اسمبلی کی میعاد29نومبر کو ختم ہورہی ہے ۔ بہار میں اقتدار کی جنگ اس سال کے اوائل میں دہلی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی شکست کے پس منظر میں مزید اہمیت کی حامل ہوگئی ہے ۔ مودی نے بہار میں دو دہائیوں سے جاری لالو پرساد اور نتیش کی اجارہ داری کو ختم کرنے کے لئے حال ہی میں ریاست کے لئے1.25لاکھ کروڑ روپے کے پیاکیج کا اعلان کیا۔ اس کے جواب میں نتیش کمار نے2.75کروڑ روپے کے پیاکیج کا اعلان کردیا۔ بی جے پی اور حکمراں جنتادل یو کے درمیان اقتدار میں آٹھ سال کی شراکت داری اس وقت ختم ہوگئی جب نتیش کمار نے2013ء کے لوک سبھا انتخابات کے لئے بی جے پی کی انتخابی مہم کی کمان مودی کے ہاتھ میں دینے پر احتجاج کرتے ہوئے زعفرانی پارٹی سے ناطہ توڑ لیا ۔ یہ بتاتے ہوئے کہ دسہرہ ، عید، محرم، دیوالی اور چھت پوجا جیسے اہم تہوار انتخابات کے دوران آرہے ہیں، زیدی نے کہا کہ کمیشن فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن کو یقینی بنائے گا ۔ پریس کانفرنس میں ان کے ہمراہ الیکشن کمشنرس اچل کمار جیوتی اور اوم پرکاش راوت بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کو پر امن آزادانہ اور منصفانہ بنانے کے لئے انتخابی ادارہ کی جانب سے مناسب سے زیادہ سیکوریٹی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ ریاست میں47حلقہ جات بائیں بازو کی انتہاپسندی سے متاثر ہیں ۔ الیکشن کمیشن نے اس مرتبہ ریاست کے تما62779مراکز رائے دہی پر مرکزی مسلح پولیس فورس کے دستوں کی تعیناتی کو یقینی بنایا ہے ۔ ریاست میں6.68کروڑ رائے دہندے ہیں۔

Five-phase Bihar polls from October 12

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں