آندھرا میں بجلی گرنے سے 20 سے زائد افراد ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-07

آندھرا میں بجلی گرنے سے 20 سے زائد افراد ہلاک

حیدرآباد
منصف نیوز بیورو
تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں گزشتہ24گھنٹوں کے دوران شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ صرف آندھرا میں بجلی گرنے سے20افراد ہلاک ہوگئے ۔ نیلور میں چھ، کرشنا میں چار، پرکاشم میں چار، گنٹور میں تین، مشرقی گوداوری میں دو، اننت پور میں ایک اور سریکا کولم میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ آندھرا پردیش اوررائل سیما میں عام زندگی پر بارش کا زبردست اثر پڑا۔ عادل آباد کریم نگر، ورنگل، نلگنڈہ، کھمم اور تلنگانہ کے دوسرے اضلاع میں بھی شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے باعث آندھرا اور تلنگانہ میں بادل چھائے ہوئے ہیں۔ اڈیشہ سے جنوبی ٹاملناڈو تک گھنے بادل چھائے ہوئے ہیں جس کے نتیجہ میں مانسون بھی سر گرم ہوگیا اور زور دار بارش ریکارڈ کی جارہی ہے ۔ چند دن قبل تک مانسون نہ ہونے کے باعث کسان پریشان تھے اب سکون کی سانس لے رہے ہیں ۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ آئندہ48گھنٹوں کے دوران آندھرا کے تمام علاقوں کے علاوہ رائل سیما کے چند مقامات اور تلنگانہ کے اضلاع ، عادل آباد، کریم نگر، ورنگل،نلگنڈہ کھمم میں شدید بارش ہوسکتی ہے ۔ دنوں شہر سکندر آباد اور حیدرآباد میں بھی شدید بارش ہوئی جس کے نتیجہ میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا اور جھیلوں میں تبدیل ہوگئی ۔ کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ مضافاتی علاقوں میں بھی پانی جمع ہوگیا۔ چنچل گوڑہ کے قریب ایک کار میں چھ افراد پھنس گئے ۔ اور پانی میں ڈوب ہی رہے تھے کہ مقامی افراد نے انہیں بچالیا ۔ ایل بی نگر کے پاس ایک بچی نالے میں بہہ گئی ۔ مقامی افراد نے اسے بچالیا ۔ محکمہ موسمیات نے حیدرآباد کے تعلق سے پیش قیاسی کی ہے کہ آئندہ24گھنٹوں کے دوران وقفہ وقفہ سے بارش ہوسکتی ہے ۔ آندھرا کرکٹ اسوسی ایشن کے کھلاڑی اس وقت بال بال بچ گئے جب کہ ایری چرلہ گنٹور میں بارش کے باعث وہ کھیل میدان سے واپس ہورہے تھے کہ کچھ دیر بعد بجلی گری اور ایک درخت کو آگ لگ گئی ۔ آندھرا اور تری پورہ کے درمیان میاچ جاری تھا ۔ بارش ہونے کے باعث میاچ ختم کردیا گیا تقریبا1بج کر50منٹ پر ایمپائروں نے میاچ ختم کرکے تیزی سے واپس ہوگئے کچھ ہی دیر بعد ایک زور دار آواز آگئی اور تاڑ کے درخت پر بجلی گری اور وہ شعلہ پوش ہوگیا ۔ یہ درخت کلب روم کے متصل تھا ۔ برسات کے باوجود درخت شعلوں میں جلتا رہا ۔ ہفتہ کو ستیانہ پلی منڈل میں بجلی گرنے سے تین افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔

20 killed by lightning in Andhra Pradesh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں