ہندوستان اور پاکستان صبر و تحمل سے کام لیں - بانکی مون - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-20

ہندوستان اور پاکستان صبر و تحمل سے کام لیں - بانکی مون

اقوام متحدہ
پی ٹی آئی
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بانکی مون نے ہندوستان اور پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان آئندہ ہونے والے مذاکرات کا خیر مقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک سے کنٹرول لائن پر صبرو تحمل سے کام لینے اور شہریوں کی حفاظت کی اپیل کی ہے ۔ بان کی مون نے ایک بیان جاری کر کے کنٹرول لائن پر بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ۔ سکریٹری جنرل کا یہ بیان ایسے وقت آیا جب ہندوستان نے کل کہا کہ پاکستانی فوج نے جنگ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے پنچھ ضلع میں تین فوجی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ ہندوستانی حکام نے کہا ہے کہ پیر کی رات کو جموں ضلع میں پاکستانی رینجرز کی فائرنگ میں ایک ہندوستانی شہری زخمی ہوگیا ۔ دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کی اپیل کرتے ہوئے بان کی مون نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ہندوستان کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دووول اور ان کے پاکستانی ہم منصب سرتاج عزیز کے مابین ملاقات کے مثبت تنائج برآمد ہوں گے ۔ واضح رہے اجیت دوول، نئی دہلی میں اپنے پاکستانی ہم منصب سے دہشت گردی سے متعلق مسائل پر پہلی مرتبہ23 اگست کو مذاکرات کریں گے ۔ سکریٹری جنرل نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں پڑوسی ممالک کو اپنے ختلافات کو مذاکرات کے ذریعہ حل کرنا چاہئے اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات کرنے چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ وہ23اور24اگست کو ہندوستان اور پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان دہلی میں طے شدہ مذاکرات کے مثبت نتائج کے لئے پر امید ہیں ۔ خیال رہے کہ پاکستان کا دعویٰ ہے کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران ہندوستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی کی70مرتبہ خلاف ورزی کی گئی ہے ۔ ہندوستان میں نریندر مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد سے ہندوستان اور پاکستان کے تعلقات میں کشیدگی آئی ہے اور حال ہی مٰیں پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف اور ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے روس میں ایک دوسرے سے ملاقات کی اور بات چیت دوبارہ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں