بنکاک بم دھماکے کے بعد مندر دوبارہ کھول دیا گیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-20

بنکاک بم دھماکے کے بعد مندر دوبارہ کھول دیا گیا

بنکاک
پی ٹی آئی
تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں بم حملہ کا نشانہ بننے والے مندر کو دو دن بعد دوبارہ کھول دیا گیا جب کہ حکام اس حملہ میں ملوث ایک اہم مشتبہ شخس کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس بم دھماکے میں کم از کم22افراد ہلاک اور120زخمی ہوگئے تھے ۔ راہبوں اور علاقے کے رہائشیوں نے چہار شنبہ کو مقبول ایراوان مندر پر پھول چڑھائے اور دیگر نذرانے پیش کیے۔ دھماکے کی تحقیقات کرنے والوں نے اس حملے سے کچھ دیر قبل سیکوریٹی کیمرے سے بنائی گئی ویڈیو کا جائزہ لینے کے بعد ایک شخص پر شبہ ظاہر کیا ہے کہ اس ممکنہ طور پر بمبار ہوسکتا ہے ۔ ویڈیو میں سیاہ بالوں والا ایک دبلا پتلا نوجوان جس نے پیلی شرٹ پہن رکھی ہے بنچ کے نیچے ایک بیگ رکھ کر وہاں سے روانہ ہوتے دیکھا جاسکتا ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس امکان کو بھی مسترد نہیں کیاجاسکتا کہ اس واقعے میں دیگر لوگ بھی ملوث ہوسکتے ہیں ۔ اس حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی جس کے بارے میں وزیر اعظم پر ایواتھ چان اوچا نے کہا تھا کہ یہ تھائی لینڈ میں ہونے والا بدترین واقعہ ہے۔ اپنے ٹیلی ویژن خطاب میں انہوں نے کہا تھا کہ تباہی پھیلانے کی کوششوں کے سیاسی محرکات بھی ہوسکتے ہیں ، جس کا مقصد معیشت اور سیاحت کو نشانہ بنانا ہے ، چاہے اس کے کچھ بھی محرکات ہوں۔ حکومت اس کے مجرموں کو تلاش کرے گی اور اس واقعے میں ملوث گروہ کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے تک لائے گی ۔60لاکھ باسیوں پر مشتمل شہر میں دھماکے کے بعد اب بھی بے چینی پائی جاتی ہے ۔ خصوصا بنکاک میں ایک ٹرانزٹ اسٹیشن کے قریب منگل کو ہونے والے ایک اور دھماکے کے بعد۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایک چھوٹا سا دھماکہ خیز آلہ پل پر سے دریا میں پھینکا گیا۔
بنکاک
رائٹر
تھائی لینڈ کی پولیس نے آج بنکاک بم دھماکہ کے کلیدی ملزم کا اسکیچ جاری کیا ہے اور اس کی تلاشی کے لئے تیز تر مہم شروع کردی ہے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بنکاک میں ہونیو الے بم دھماکے میں20افراد ہلاک ہوئے تھے ۔ جس میں سے نصف غیر ملکی افراد شامل تھے ۔ اس دھماکے نے تھائی لینڈ کے عوام کو سوگوار کردیا ہے ۔ اسکیچ میں ایک صاف چہرے والے موٹے آدمی کی جھلک نظر آرہی ہے ، اس کا قد درمیانہ ہے اور بال کالے ہٰں۔ اس نے ہلکی داڑھی رکھی ہے اور آنکھوں پر چشمہ ہے ۔ یہ واضح نہیں ہے کہ یہ شخص تھائی ہے یا کسی دوسرے ملک کا شہری ۔ کل بنکاک کے راچہ پراسانگ کمرشیل ڈسٹرکٹ کے ایک مصروف ترین شاہراہ پر واقع مذہبی مقام کے پاس دھماکہ کیا گیا تھا ۔ پولیس نے وہاں لگے سی سی ٹی وی فوٹیج سے یہ تصاویر نکالی ہیں اور اس کی جانچ تیزی سے کی جارہی ہے ۔ سی سی ٹی وی میں ایک نوجوان شخص پیلے رنگ کا ٹی شرٹ پہنے ہوئے ہے۔ دھماکہ ہونے سے کچھ ہی دیر قبل وہ وہاں سے تیزی سے نکلنے کی کوشش کرتا نظر آرہا ہے ۔ پولیس نے اس بابت بتایا کہ ہم اسے مشتبہ سمجھ رہے ہیں لیکن اس کے پیچھے کچھ مزید لوگوں کے ہاتھ ہونے کا امکا ن بھی ہے، معاملے کی تفتیش جاری ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں