سپریم کورٹ دھماکہ سے اڑا دینے کی دھمکی کے بعد سخت چوکسی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-19

سپریم کورٹ دھماکہ سے اڑا دینے کی دھمکی کے بعد سخت چوکسی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
سپریم کورٹ کی عمارت کو دھماکہ سے اڑا دینے کی ایک دھمکی ملنے کے بعد عدالت عظمیٰ نے انتہائی سیکوریٹی والی عمارت میں داخل ہونے والوں کے لئے کئی پابندیاں عائد کردی ہیں ۔ قانون کے طلباء بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ہوں گے ۔ وکیلوں سے کہا گیا ہے کہ احاطہ میں کسی بھی مشتبہ سر گرمی کے بارے میں حد درجہ چوکس رہیں ۔ یہ ہدایات دہلی پولیس کو ایک نامعلوم ای میل ملنے کے بعد اختیار کی گئی ہے جس میں سپریم کورٹ پر بم حملہ کرنے کی دھمکی دی گئی ۔ اس دھمکی سے چند دن قبل ہی جسٹس دیپک مشرا کو موت کی دھمکی دی گئی تھی جس کے بعد عدالت میں اور اس کے اطراف سیکوریٹی بڑھادی گئی ۔ سپریم کورٹ بار اسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ ایک سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ عدالت عظمیٰ کو در پیش بڑھے ہوئے خطرہ کے پیش نظر چیف جسٹس آف انڈیا نے انتہائی سیکوریٹی والے احاطہ میں آنے والوں کی تعداد گھٹا دینے کی ہدایت دی ہے اور قانون کے طلباء اور زیر تربیت وکلاء اور مشاورت کے لئے آنے والوں کے داخلہ پر مکمل امتناع عائد کرنے کی تجویز دی ہے ۔ بار اسوسی ایشن کی سکریٹری ایشوریا بھٹی نے بتایا کہ چیف جسٹس ایچ ایل دتو کی رہائش گاہ پر کل شام منعقدہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ موجودہ ماحول کے پیش نظر عدالت عظمیٰ کے تحفظ کو یقینی بنانے یہ اقدامات ضروری ہیں ۔ بار کے ارکان کو چوکنا رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے سرکیولر میں کہا گیا کہ ارکان حد درجہ چوکس رہیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا شئے کو دیکھنے پر فی الفور دفتر ڈپٹی کمشنر پولیس، سپریم کورٹ سیکوریٹی کو آگاہ کریں ۔ موکلوں اور وزیٹرس کو پاس جاری کرنے میں احتیاط کی ارکان کو ہدایت دی گئی ۔ اعلیٰ پولیس عہدیداروں نے کہا کہ ای میل گزشتہ ہفتہ موصول ہوا جسے دہلی پولیس۔ مرکزی وزرات داخلہ اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کو بھیج دیا گیا ۔ ذرائع نے کہا کہ سیکوریٹی وجوہات سے اس شخص کا نام مخفی رکھ اگیا ہے جسے یہ ای میل ملا۔ ایک اعلیٰ عہدیدار نے خیال ظاہر کیا کہ یہ محض فرضی دھمکی ہوسکتی ہے لیکن کوئی جوکھم مول لیا نہیں جاسکتا۔ قبل ازیں جسٹس دیپک مشرا کو دھمی آمیز مکتوب موصول ہوا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ یعقوب کو پھانسی کی سزا سناتے ہوئے تم نے غلطی کی ہے، اسکا انتقام لیاجائے گا، ہم دہلی پہنچ چکے ہیں ، تم جس قدر چاہو اپنی سیکوریٹی بڑھالو۔

India steps up security at Supreme Court after bomb threat

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں