مودی حکومت صرف سرمایہ داروں کے لئے کام کر رہی ہے - راہول گاندھی کا الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-19

مودی حکومت صرف سرمایہ داروں کے لئے کام کر رہی ہے - راہول گاندھی کا الزام

امیٹھی
پی ٹی آئی
کانگریس قائد راہول گاندھی نے آج نریندر مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ صرف سرمایہ داروں کے لئے کام کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صرف کانگریس ہی ملک کے مفادات کا تحفظ کرسکتی ہے ۔ اس کے لئے پارٹی کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے ۔ کانگریس کے نائب صدر نے جو اپنے لوک سبھا حلقہ کے دو روزہ دورہ پر ہیں ، موضع پورے لدائی میں عوام سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی حکومت، صرف سرمایہ داروں کے لئے کام کررہی ہے ۔ انہوں نے مرکز کے حصول اراضی بل کا حوالہ دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ این ڈٰ اے حکومت اس قانون سازی کے ذریعہ کسانوں کی زمین ہڑپ لینا چہاتی تھی لیکن کانگریس نے اس کی بھرپور مخالفت کی ۔انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی عوام کی امنگوں کی پوری طرح تکمیل کرنے سے قاصر ہے، کیونکہ وہ مرکز یا اتر پردیش میں بر سر اقتدار نہیں ہے ۔ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس جس میں کانگریس نے ویاپم ، للت گیٹ اور حصول اراضی بل جیسے مسائل پر ایک ہنگامہ کھڑا کردیا تھا، کے بعد یہ راہول کا اپنے لوک سبھا حلقہ کا پہلا دورہ ہے ۔ وہ آج صبح لکھنو میں چودھری چرن سنگھ ایئر پورٹ پہنچے اور سیدھے اپنے حلقہ کے لئے روانہ ہوگئے ۔ انہوں نے عوام سے بات چیت کی،ک تاکہ انہیں مرکز کی عوام دشمن پالیسیوں سے واقف کراسکیں ۔ امیٹھی میں مختصر سے توقف کے دوران انہوں نے یہ سمجھانے کی کوشش کی کہ صرف کانگریس ہی ملک کے مفادات کا تحفظ کرسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ آپ پر فرض ہے کہ آپ کانگریس کے ہاتھ مضبوط کریں ۔ ملک کا مستقبل کانگریس کے ہاتھ میں ہے ۔ انہوں نے موضع داکھن میں بھی سڑک کنارے مقامی عوام سے خطاب کیا۔ راہول کے اس دورہ کا مقصد یہ بتایاجارہا ہے کہ وہ بی جے پی کے اس منصوبہ کو ناکام بنانا چاہتے ہیں جس کے تحت وہ کانگریس کے تمام 44لوک سبھا حلقوں سے اپنے قائدین کو منتخب کرانا چاہتی ہے اور پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے ضائع ہوجانے کے لئے بھی پارٹی کو موردِ الزام ٹھہرانا چاہتی ہے ۔ یاد رہے کہ مانسون اجلاس کے دوران زبردست ہنگامہ آرائی اور خلل اندازی کی گئی جس کے نتیجہ میں کئی بلوں کو جن میں جی ایس ٹی جیسا اہم بل بھی شامل تھا ، منظور نہیں کیاجاسکتا ۔

Modi government is working only for capitalists: Rahul

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں