دہشت گردی اور خارجہ پالیسی مسائل پر وزیر اعظم کی خاموشی افسوسناک - کانگریس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-16

دہشت گردی اور خارجہ پالیسی مسائل پر وزیر اعظم کی خاموشی افسوسناک - کانگریس

نئی دہلی
پی ٹی آئی
کانگریس نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کے یوم آزادی خطاب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک کو در پیش کئی کلید ی مسائل جیسے دہشت گردی اور خارجہ پالیسی کو نظر انداز کردیا اور ایک عہدہ ایک پنشن کے مسئلہ پر سابق فوجیوں کو مایوس کردیا ۔ دوسری طرف کانگریس کے سرکردہ قائدین نے خاموشی اختیار کی ۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی جنہوں نے اے آئی سی سی ہیڈ کوارٹرس پر قومی پرچم لہرایا ۔ مودی کے خطاب پر کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا ۔ پارٹی کے نائب صدر راہول گاندھی نے جو مختلف مسائل بشمول کرپشن اور اراضی بل پر مودی کو سخت تنقیدوں کا نشانہ بناتے رہے ہیں، کہا کہ آج کا دن سیاست کرنے کا دن نہیں ہے ۔ انہوں نے نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم کل بات کریں گے۔ دیگر کانگریس قائدین نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعظم نے لال قلعہ سے تقریر میں جن اسکیمات کا تذکرہ کیا ہے وہ یو پی اے حکومت کے دور میں شروع کی گئی تھیں ۔ انہوں نے مودی پر الزام عائد کیا کہ وہ کرپشن کی مختلف انداز میں توتعریف کرتے ہیں ۔ ایک اپنے سیاسی حریفوں کے لئے اور دوسری خود اپنے قائدین کے لئے۔ راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن غلام نبی آزاد نے کہا کہ آخر انہوں نے کون سی نئی بات کہی ہے ۔ انہوں نے دو یا تین اسکیمات کا تزکرہ کیا ہے ، لیکن مجھے یہ کہتے ہوئے افسوس ہوتا ہے کہ کانگریس نے یو پی اے حکومت کے دور میں یہ اسکیمات شروع کی تھیں ۔ کانگریس قائد امبیکا سونی نے وزراء کے کرپشن پر خاموشی اختیار کرنے پر نریندر مودی پر تنقید کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان سے کہتے رہے کہ اگر آپ راجیہ سبھا میں تعطل ختم کرنا چاہتے ہیں تو وزیر اعظم کو یہاں آنے دیں اور یہ بتانے دیں کہ للت مودی اور ویاپم جیسے اسکامس میں کرپشن کے خاتمہ کے لئے وہ کیا اقدامات کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں ۔ لیکن وہ وہاں نہیں آئے اور منہ نہیں کھولا۔ اچانک15اگست کو وہ یہ کہتے ہیں کہ کہیں کوئی کرپشن نہیں ہے۔ کوئی بھی ان کی بات پر یقین کرنے والا نہیں ۔ انہوں نے یہ بھی سوال کیا کہ مودی نے دہشت گردی کے بارے میں بات کیوں نہیں کی یا پھر گرداسپور اور اودھم پور کے دہشت گرد حملوں میں بے گناہ افراد کی اموات پر اظہار تاسف کیوں نہیں کیا۔

Congress accuses Modi of skipping key issues in Independence Day address

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں