ترکی میں مخلوط حکومت کے لئے مذاکرات ناکام - نومبر میں انتخاب متوقع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-19

ترکی میں مخلوط حکومت کے لئے مذاکرات ناکام - نومبر میں انتخاب متوقع

انقرہ
رائٹر
ترک وزیر اعظم احمد داؤد اوگلو اتحادی حکومت تشکیل دینے کے لئے اپوزیشن کے ساتھ کئی ہفتوں پر محیط مذاکرات کی ناکامی کے بعد صدر طیب اردگان کو تشکیل حکومت کا خط اعتماد واپس کردیں گے ۔ حکمراں پارٹی کے ایک سینئر عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ دستور کے مطابق اردگان داؤد اوگلو کی نگران کار کابینہ کو تحلیل کر کے نومبر میں نئے انتخابات کے لئے ایک عبوری مخلوط حکومت کی تشکیل کی ہدایت دے سکتے ہیں۔23اگست تک اگر کوئی سمجھوتہ نہ ہو تو ترکی کے پاس یہی ایک راستہ ہوگا۔ ترکی کے وزیر اعظم احمد نے ملک میں مخلوط حکومت کی تشکیل کے لئے سیاسی جماعتوں کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب ملک میں قبل از وقت انتخابات کے سوا اور کوئی راستہ نہیں بچا ہے ۔ ترک وزیر اعظم نے نئی مخلوط حکومت کی تشکیل کے لئے تیسری بڑی سیاسی جماعت نیشنلسٹ موومنٹ کے قائد دولت بھجلی سے ملاقات کی اور انہیں مخلوط حکومت میں شامل ہونے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی مگر دولت بھجلی نے مخلوط حکومت کا حصہ بننے سے صاف انکار کردیا ۔ اس سے قبل داؤد اوگلو ریپبلکن پارٹی جو جون میں ہوئے پارلیمانی انتخابات میں اے کے پی کے بعد دوسری بڑی پارٹی ابھر کر سامنے آئی تھی سے بھی مخلوط حکومت کے لئے مذاکرات کئے تھے مگر ری پبلکن پارٹی نے بھی مخلوط حکومت میں شامل ہونے سے انکار کردیا تھا ۔ خیال رہے کہ جون2015کو ہوئے پارلیمانی انتخابات میں اگرچہ پارلیمنٹ کی سب سے زیادہ نشستیں تو صدر رجب طیب اردگان کی جماعت انصاف و ترقی (اے کے پی) نے حاصل کی تھیں مگر وہ حکومت بنانے کی سادہ اکثریت حاصل نہیں کرپائے تھے۔2002ء کے بعد اے کے پی کو یہ پہلا بڑا دھکہ لگا ہے جس میں اس نے پچھلے تین انتخابات کی نسبت کم نشستیں حاصل کیں ۔ حکومت سازی کے لئے اسے دوسری جماعتوں کی معاونت درکار ہے مگر سیاسی مخالفین بھی صدر اردگان کے ساتھ چلنے کو تیار نہیں ہیں۔ انقرہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم احمد داوؤد نے کہا کہ مسٹر دولت بھجلی نے مجھے صاف جواب دیا ہے کہ وہ اے کے پی کے ساتھ مل کر قومی حکومت کی تشکیل سے معذرت کرتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے مخلوط حکومت کی تشکیل کی سر توڑ کوشش کی ہے مگر ہم اس میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں ۔

Turkey poised for early elections after coalition talks fail

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں