آئی اے این ایس
1993ء ممبئی سلسلہ وار بم دھماکوں کے مجرم یعقوب میمن کی درخواست رحم کو مسترد کرنے والی تین رکنی پینل کا حصہ سپریم کورٹ کے جج جسٹس دیپک مشرا کو دھمکی آمیز خط موصول ہوا ہے ۔ پولیس نے جمعہ کے روز یہ بات بتائی ۔ مشرا کو ان کی نئی دہلی کی قیامگاہ پر یہ خط موصول ہوا جس کے بعد انہوں نے تغلق روڈ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ۔ پولیس ذرائع نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ ہم نے جج کی شکایت کی بنیاد پر ایک کیس درج کرلیا ہے ۔ ہم مکتوب کی صداقت کی جانچ کررہے ہیں ۔ ہم یہ بھی پتہ لگارہے ہیں کہ آیا یہ کسی کی شرارت ہے یا پھر میمن کے ساتھیوں کی جانب سے بھیجا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں تبصرہ کے لئے متعدد کوششوں کے باوجود سینئر پولیس عہدیداروں سے رابطہ قائم نہیں ہوسکا اور بعض نے اس پر یہ کہتے ہوئے تبصرہ کرنے سے انکار کردیا کہ یہ انتہائی حساس معاملہ ہے جس کی تحقیقات جاری ہے ۔ پی ٹی آئی کے بموجب جسٹس دیپک مشرا کو قتل کی دھمکی کا خط موصول ہونے کے بعد ان کی سیکوریٹی بڑھا دی گئی ۔ دہلی پولیس نے کہا کہ یہ معاملہ سنگین نوعیت کا ہے یہ بات خارج از امکان ہے کہ کسی نے شرارتاً ایسا کیا ہے ۔ جسٹس مشرا کے پرسنل سیکوریٹی آفیسرس سیکوریٹی جانچ کررہے تھے کہ انہیں یہ خط ملا ۔ سینئر پولیس عہدیداروں کو فورا مطلع کردی اگیا۔ مانا جاتا ہے کہ دھمکی آمیز خط بھیجنے والوں نے مشرا کی قامگاہ کی ریکی کی تھی۔ ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ مشتبہ افراد جانتے تھے کہ سیکوریٹی عہدیدار جسٹس مشرا کی قیامگاہ کے باہر تعینات ہوتے ہیں اور سی سی ٹی وی کیمرے ان کے دفتر کے باہر نصب ہیں ۔ وہ جانتے تھے کہ مشرا کی قیامگاہ کے عقبی داخلہ پر درختوں کے جھنڈ کی آڑ سے سی سی ٹی وی کیمرے کمپاؤنڈ میں خط پھینکنے والے کو قید نہیں کرسکتے ۔ دہلی پولیس کے علاوہ ان کی قیامگاہ پر مرکزی نیم فوجی دستہ کے ملازمین کو بھی تعینات کیا گیا ۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ ہم نے مشرا کی قیامگاہ کی سیکوریٹی میں اضافہ کردیا ہے ۔ پوری نئی دہلی میں مخالف دہشت گردی سیکوریٹی مشق بھی کی جارہی ہے ۔
ممبئی سے آئی اے این ایس کی علیحدہ اطلاع کے بموجب مہاراشٹرا حکومت نے اس بات کی تردید کی کہ مفرورمافیا ڈان مشتاق عرف ٹائیگر میمن نے مبینہ طور پر اپنی والدہ کو فون کیا اور اپنے بھائی یعقوب میمن کی گزشتہ ہفتہ پھانسی کا انتقام لینے کی دھمکی دی ۔ اعلیٰ عہدیداروں نے جمعہ کے روز یہ بات کہی۔ ممبئی پولیس نے بھی اس قسم کی کسی بھی گفتگو کی تردید کی جس کی اطلاع ایک سرکردہ فینانشل روزنامہ نے دی تھی ۔ ڈی سی پی دھنجئے کلکرنی نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم وضاحت کرنا چاہتے ہیں کہ ہمارے پاس ایسی کوئی ریکارڈ کردہ گفتگو نہیں ہے نیز یہ ریکارڈنگ ممبئی پولیس کی نہیں ہے۔ روزنامہ میں شائع رپورٹ کے مطابق ٹائیگر میمن نے30جولائی کو صبح5:30بجے اپنی والدہ حنیفہ میمن سے ان کی ماہم رہائش گاہ پر فون پر گفتگو کی یعنی یہ گفتگو ناگپور سنٹرل جیل میں یعقوب کو پھانسی دیے جانے سے بمشکل ایک گھنٹہ قبل ہوئی ۔ روتی حنیفہ کے ساتھ گفتگو میں ٹائیگر میمن نے مبینہ طور پر اپنے بھائی کی موت کا انتقام لینے کا عہد کیا اور کہا کہ انہیں اس کی قیمت چکانی پڑے گی ۔ اخبار نے کہا کہ انٹر نیٹ کے ذریعہ اس3منٹ کی گفتگو کی ریکارڈنگ اس کے پاس موجود ہے ۔ یہ واضح نہیں ہے کہ ماں بیٹے کی گفتگو کس نے ریکارڈ کی ۔
Justice Dipak Misra, who rejected Yakub Memon's mercy petition, gets threatening letter
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں