دو روزہ دورے پر وزیراعظم مودی کی آج ابو ظہبی میں آمد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-16

دو روزہ دورے پر وزیراعظم مودی کی آج ابو ظہبی میں آمد

ابو ظہبی
یو این آئی
وزیر اعظم نریندر مودی کل دو روزہ دورے پر یہاں پہونچیں گے جس کے دوران وہ عرب قائدین سے بات چیت کے علاوہ ہندوستانی تارکین وطن سے خطاب کریں گے۔ متحدہ عرب امارات میں غیر مقیم ہندوستانیوں کی تعداد جملہ آبادی کا30 فیصد ہے۔ تقریبا34برس بعد ایسا موقع آرہا ہے کہ ہندوستان کا کوئی وزیر اعظم تیل کی دولت سے مالا مال اس مملکت کا دورہ کررہا ہے ۔1981میں سابق زیر اعظم اندرا گاندھی نے یو اے ای کا دورہ کیا تھا۔ دو روزہ دورے کے دوران جس کو وزیر اعظم مودی کی جانب سے آئندہ سال اسرائیل کے دورے سے قبل توازن قائم کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جارہا ہے مودی ہندوستان اور یو اے ای کے درمیان کئی میدانوں بشمول توانائی اور تجارت کو فروغدینے کی کوشش کریں گے۔ پیر کو ولیعہد شیخ محمد زید بن النیہان سے بات چیت کریں گے۔ عرب ملک جس کے پاس800بلین ڈالر سے زیادہ کی دولت ہے، ہندوستان کے لئے سرمایہ کاری کے لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس کے علاوہ یہاں کام کرنے والے ہندوستانیوں کے مفاد میں بھی یہ دورہ اہمیت کا حامل ہوگا ۔ مودی نے ابو ظہبی کے اپنے دورے میں شیخ زید مسجد کے دورے کو بھی شامل رکھا ہے ۔ مسجد کے دورے کے بعد وزیر اعظم دبئی جائیں گے جہاں وہ مختصر قیام کے دوران کئی پروگراموں میں حصہلیں گے ۔ وہ صدر شیخ محمد بن راشد المختوم سے بھی ملاقات کرنے کے علاوہ نائب صدر اور وزیرا عظم سے بھی بات چیت کریں گے ۔ دبئی میں موجودہ دنیا کی سب سے بلند ترین عمارت برج خلیفہ کا دورہ اور دبئی کرکٹ گراؤنڈ میں ہندوستانی برادری سے خطاب بھی وزیر اعظم کے دورے میں شامل ہے ۔امکان ہے کہ یو اے ای کی قیادت کے ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی کی بات چیت میں داعش کے خطرے کے بارے میں بات چیت کی جائے گی۔ یو اے ای کے سرکاری ذرائع نے اس تعلق سے پوچھے جانے پر کہا کہ داعش ایک بڑا خطرہ ہے اور اس سے نمٹنے کے لئے ہر قدم اٹھایاجان چاہئے۔

Indian Prime Minister Modi arrives in UAE

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں