1984 فساد متاثرین کو 17 اگست سے اضافی معاوضہ کی ادائیگی - کجریوال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-16

1984 فساد متاثرین کو 17 اگست سے اضافی معاوضہ کی ادائیگی - کجریوال

نئی دہلی
آئی اے این ایس۔
چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے آج کہا کہ1984کے مخالف سکھ فسادات کے مہلوکین کے رشتہ داروں میں ایکس گریشیا کی اضافہ شدہ رقم5لاکھ روپے کی تقسیم پیر سے عمل میں آئے گی ۔ چیف منسٹر کی حیثیت سے پہلا یوم آزادی خطاب کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی قائد نے اضافہ شدہ معاوضہ کے حصول کے لئے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی کوششوں کی بھی ستائش کی اور کہا کہ وہ وزیر موصوف سے پہلا چیک دینے کی خواہش کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ پہلا چیک پیر کے دن دیاجائے گا۔ میں کوشش کروں گا کہ پہلا چیک راج ناتھ سنگھ دیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق31اکتوبر1984کو اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی کو ان کے دو سکھ باڈی گارڈس کی جانب سے گولی مار کر ہلاک کئے جانے کے بعد ملک بھر میں مخالف سکھ فسادات پھوٹ پڑے تھے جن میں3325لوگ ہلاک ہوئے تھے ۔ ان کے منجملہ2733کو دہلی میں ہلاک کیا گیا تھا جو اس خونریزی میں بری طرح متاثر ہوا تھا۔ ہریانہ، اتر پردیش، مہاراشٹرا ، بہار ، جھار کھنڈ، مدھیہ پردیش، راجستھان اور دیگر ریاستوں میں بھی فسادات ہوئے تھے ۔ علیحدہ اطلاع کے مطابق کجریوال نے آج نریندر مودی کے ساتھ کام کاج کے انتظام پر زوردیا کیوں کہ دونوں ایک ہی شہر میں رہتے ہیں ۔ چھترا سل اسٹیڈیم میں خطاب کرتے ہوئے کجریوال نے کہا میں یہ اعتراف کرتا ہوں کہ عام آدمی پارٹی حکومت کے مرکزی حکومت کے ساتھ شدید اختلافات ہیں اور وزیر اعظم اور چیف منسٹر کے مابین کوئی کام کاج کا انتظام ہونا چاہئے ۔ کجریوال نے موسلا دھار بارش کے باوجود اپنا خطاب جاری رکھا ۔ اسٹیڈیم عوام سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا ، جس میں طلبا سے لے کر سرکاری عہدیدار تک موجود تھے جو ان کی تقریر سننے کے لئے وہاں آئے تھے ۔ عام آدمی پارٹی قائد نے کہا چیف منسٹر دہلی اور ملک کے وزیر اعظم ایک ہی شہر میں رہتے ہیں لہذا ان دونوں کے درمیان کوئی انتظام ہونا چاہئے تاکہ شہر اور یہاں مقیم افراد کا بھلا ہو ۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ تھی کہ انہوں نے مودی سے ملاقات کرنے کی کوشش کی ، لیکن ناکام رہے ۔ میں ایک بار پھر ان سے ملنے کی کوشش کروں گا ۔ واضح رہے کہ کجریوال کے بر سر اقتدار آنے کے بعد سے دہلی اور مرکزی حکومتوں کے درمیان شدید اختلافات سامنے آئے ہیں ۔ دہلی کے منفرد موقف کے سبب شہر کی حکومت کے اختیارات محدود ہیں

Enhanced ex-gratia for 1984 victims from Monday: Kejriwal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں