پٹنہ میں سرکاری کالج شتروگھن سنہا کے والد سے موسوم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-20

پٹنہ میں سرکاری کالج شتروگھن سنہا کے والد سے موسوم

پٹنہ
پی ٹی آئی
چیف منسٹر نتیش کمار اور اداکار سے سیاست داں بنے شتروگھن سنہا کے درمیان بڑھتی قرابت کی علامات میں ریاستی حکومت نے ایک کالج کو بی جے پی رکن پارلیمنٹ کے والد سے موسوم کیا ہے ۔ پٹنہ کے سرکاری کالج برائے صحت و جسمانی تعلیم کو آنجہانی بی پی سنہا سے موسوم کرنے کا فیصلہ کل رات کابینہ کے اجلاس میں لیا گیا ۔ اب اس کالج کو بی پی سنہا کالج برائے صحت و جسمانی تعلیم کا نام دیا گیا ہے ۔ ایک سرکاری بیان میں یہ بات بتائی گئی ۔ یہ فیصلہ اس لئے بھی اہمیت کا حامل ہے کیوںکہ اس ضمن میں ایک تجویز2009-10سے جب کہ بی جے پی ، نتیش کمار حکومت کا ایک حصہ تھی ، محکمہ تہذیب و ثقافت و امور نوجوانان کے پاس زیر التوا تھی اور اس محکمہ کے وزیر کا تعلق زعفرانی جماعت سے تھا ۔ شترو گھن سنہا نے کالج کو اپنے والد کے نام سے موسوم کرنے پر ریاستی حکومت سے اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو فون پر ممبئی سے بتایا کہ میں اس اقدام کے لئے شخصی طور پر چیف منسٹر نتیش کمار کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ان کے والد 1951تا1959کے دوران اس کالج کے بانی پرنسپل رہے ہیں اور انہوں نے ادارہ کو پروان چڑھایا ہے۔ سنہا نے کہا کہ بدبختانہ طور پر ہمارے اپنے لوگ اس معاملہ کو سمجھ نہیں پائے اور آگے نہیں بڑھا سکے ۔ یا توان کے پاس سمجھ بوجھ کی کمی تھی یا پھر وہ میری مقبولیت کی وجہ سے اپنے آپ کو غیر محفوظ تصور کررہے تھے۔ ریاست میں وزیر اعظم نریندر مودی کی ریالیوں سے ان کی غیر حاضری کے بارے میں دریافت کرنے پر انہوں نے کہا کہ میں کسی بھی تقریب میں اسی وقت شریک ہوتا ہوں جب مجھے مدعو کیاجاتا ہے ۔ ویٹرنری کالج میں25جولائی کو وزیر اعظم کے ہاتھوں کئی پراجکٹس کے آغاز کے موقع پر میں موجود تھا، لیکن مظفر پور ، گیا اور سہر سہ کی ریالیوں میں چونکہ مجھے اپنی ہی پارٹی کے چند لوگوں کی وجہ سے مدعو نہیں کی اگیا ، اسی لئے میں نے شرکت نہیں کی ۔ واضح رہے کہ شتروگھن سنہا ، طویل عرصہ تک بی جے پی کے اسٹار مہم جورہے ہیں ۔ انہوں نے اٹل بہاری واجپائی زیر قیادت این ڈی اے حکومت میں کابینی وزیر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دی ہیں ۔

Bihar CM Nitish Kumar renames college after Shatrughan Sinha's father

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں