این آئی اے اسیمانند کی ضمانت کو چیلنج نہیں کرے گی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-12

این آئی اے اسیمانند کی ضمانت کو چیلنج نہیں کرے گی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
قومی تحقیقاتی ایجنسی(این آئی اے) نے2007کے سمجھوتہ ایکسپریس دھماکہ کیس کے اہم ملزم سوامی اسیمانند کو دی گئی ضمانت کو سپریم کورٹ میں چیلنج نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ایجنسی کی نظر میں ضمانت کی مخالفت کرنے کی کوئی بنیاد نہیں ہے ۔ کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی کی جانب سے پوچھے گئے ایک تحریری سوال کا جواب دیتے ہوئے مملکتی وزیر داخلہ ہری بھائی پرتی بھائی چودھری نے لوک سبھا میں آج یہ بیان دیا۔ حکومت نے مکہ مسجد دھماکہ کیس کے دیگر ملزمین دویندر گپتا اور لوکیش شرما کی ضمانت کے احکام کو بھی چیلنج کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے ۔ اس کے لئے یہ وجہ بتائی گئی کہ مزید دو ملزمین بھت موہن لال اور تیجا رام پارمرکودی گئی ضمانت کو استغاثہ کی جانب سے چیلنج نہیں کیا گیا ۔ چنانچہ یکسانیت کی بنیاد پرگپتا اور شرماکی ضمانتوں کو چیلنج نہیں کیا جائے گا ۔ وزیر نے تاہم واضح کیا کہ یہ دونوں ملزمین ایک اور کیس میں ملزم ہیں جس میں انہیں ضمانت نہیں ملی ہے ۔ اس لئے وہ ہنوز جیل میں رہیں گے ۔ اسیمانند کے بارے میں جس کا اصل نام نبا کمار سرکار ہے ، مملکتی وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ جیل میں رہے گا ۔ کیونکہ پنجاب و ہریانہ ہائی کورٹ کی جانب سے گزشتہ سال اگست میں دئیے گئے احکام کے مطابق ملزم ضمانت کی شرائط کی تکمیل نہیں کرسکا ۔ مذکورہ حکمنامہ کی مصدقہ نقل عدالت کی جانب سے یکم مئی2015کو جاری کی گئی ۔ وزیر نے مزید کہا کہ این آئی اے نے ایک خصوصی مرافعہ داخل کرنے کی گنجائش کا جائزہ لیا اور فیصلہ کیا کہ اس حکم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کی کوئی بنیاد نہیں ہے ۔ یاد رہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس میں18فروری2007کو چار طاقتور آئی ای ڈی نصب کئے گئے تھے ۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان رابطہ کی اس ٹرین میں ہوئے دھماکوں میں68افراد ہلاک ہوگئے ۔ این آئی اے پر کانگریس کے بشمول سیاسی جماعتوں کی جانب سے شدید تنقید کی جارہی ہے اور اس پر ہندو انتہا پسند گراپوں سے متعلق تمام دہشت گرد معاملات کی تحقیقات میں پیشرفت میں ناکام ہوجانے کا الزام عائد کیا گیا ہے ۔ مالیگاؤں کے2008میں ہوئے دھماکوں کے کیس میں خصوصی سرکاری وکیل روہینی سالیان کو بتایا جاتا ہے کہ ذمہ داری سے چھٹی دے دی گئی ہے۔ جبکہ انہوں نے دعویٰ کی اتھا کہ این آئی اے سادھوی پرگیہ اور کرنل سری کانت پروہت کے بشمول بم دھماکوں کے مقدمہ میں ملوث ہندو دہشت گردوں کے بارے میں نرم گوشہ اختیار کرنے کے لئے دباؤ ڈال رہی ہے۔ این آئی اے نے اس الزام کی تردید کی ہے ۔ اسی دوران ایک متعلقہ تبدیلی کے تحت سپریم کورٹ میں آج مفا د عامہ کی ایک درخواست( پی آئی ایل) داخل کی گئی جس میں2008کے مالیگاؤں دھماکہ کیس میں مقدمہ کی پیروی کے لئے خصوصی سرکاری وکیل کی حیثیت سے ایک انتہائی اعلیٰ معیار کے قابل اعتبار اور مشہور وکیل کا تقرر کرنے ہدایت یا حکم جاری کرنے کی درخواست کی گئی ہے ۔ کیس کی عدالت کی زیر نگرانی تحقیقات کی خواہش کرتے ہوئے پی آئی ایل میں یہ بھی خواہش کی گئی کہ سی بی آئی کو این آئی اے عہدیداروں اور ان کے سیاسی آقاؤں کے خلاف جن کی ہدایت پر انہوں نے ملزمین سے نرم رویہ اختیار کرنے کے لئے سالیان پر دباؤ ڈالا تھا، مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دی جائے ۔

NIA will not challenge the conditional bail granted to Samjhauta blasts accused Naba Kumar Sarkar alias Swami Aseemanand

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں