این ڈی اے حکومت اپوزیشن کو اعتماد میں رکھنا چاہتی ہے - وینکیا نائیڈو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-29

این ڈی اے حکومت اپوزیشن کو اعتماد میں رکھنا چاہتی ہے - وینکیا نائیڈو

پٹنہ
پی ٹی آئی
ملک کی مستحکم معاشی ترقی کے لئے اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مرکزنے آج کہا کہ وہ جی ایس ٹی اور دیگر بلوں کو اپوزیشن کے تعاون سے منظوری دینے کے لئے پارلیمنٹ کا کصوصی اجلاس طلب کرسکتا ہے ۔ پارلیمانیا مور کے مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے یہاں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جی ایس ٹی بل، حصول اراضی بل اور دیگر بلوں کو پارلیمنٹ کی منظوری ضروری ہے تاکہ ملک کی معاشی ترقی کو مستحکم بنایاجاسکے۔ اس سلسلہ میں مرکز پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس طلب کیاجاسکتا ہے ۔ انہوں نے کلیدی قوانین کی منظوری کے لئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی طلبی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کئی بلوں کی نوعیت ترمیمی بل کی ہے جسے دونوں ایوانوں کی جانب سے الگ الگ منظور کرنا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے حکومت اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں رکھنا چاہتی ہے ۔ کئی بلوں میں اپوزیشن کے اعتراضات کے مطابق ترمیمات کی گئی ہیں۔ وینکیا نائیدو نے کہا کہ کانگریس اور اس کی حلیف جماعتیں ان بلوں کی منظوری میں تعاون اگر دیتی ہے تو ان کی منظوری آسان ہوجائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ این ڈی اے حکومت ملک کی معیشت کو بہتر بنانا چاہتی ہے ۔ اس وقت ملک کو کئی اصلاحات کی ضرورت ہے ۔ حکومت نے جی ایس ٹی بل لوک سبھا میں منظور کرالیا ہے تاہم ایوان بالا میں جہاں کانگریس ارکان کی اکثریت ہے بل کی منظوری میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ کانگریس اور اس کی حلیف جماعتوں کی جانب سے جی ایس ٹی بل کی مخالفت کرنے کا کوئی مطلب نہیں ہے۔ اسی طرح کانگریس نے جو رویہ حصول اراضی ترمیمی بل پر اختیار کیا ہے وہ بھی غیر ضروری ہے کیوںکہ حکومت نے اپوزیشن کی جانب سے دئیے گئے مشوروں کی بنیاد پر اس بل میں 9ترمیمات کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ28ریاستوں نے بھی اس بل کی منظوری کی تائید کی ہے تاکہ انفراسٹرکچر پراجکٹ کو جلد از جلد شروع کیا جاسکے ۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ انفراسٹرکچر پراجکٹس شروع کرنے کے لئے حصول اراضی بل کی منظوری بہت ضروری ہے ۔ وینکیا نائیدو نے اپوزیشن سے کواہش کی کہ وہ حکومت کے ساتھ اپنے اختلافات کو ختم کرنے کے لئے بات چیت کریں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنے روے سے یہ سمجھ رہی ہے کہ کہ وہ مودی حکومت کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ لیکن حقیقت میں اس سے سب سے زیادہ عوام متاثر ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک اور دیگر عالمی اداروں نے ہندوستان سے کہا ہے کہ وہ ترقی کے لئے اصلاحات کے عمل کو تیز بنائیں ۔ مرکزی وزیر نے تمام اپوزیشن جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ ان بلوں کی منظوری میں حکومت کے ساتھ تعاون کرے۔ وینکیا نائیدو نے کہا کہ ایوان بالا میں یہ تمام بلز زیر التوا ہیں جہاں کانگریس کی قیادت میں اپوزیشن جماعتیں حکومت کو نیچا دکھانے کی کوشش کررہی ہیں۔ وینکیا نائیدو نے حصول اراضی بل مٰں این ڈی اے کی جانب سے پیش کردہ ترمیمات کو بھی درست قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کو مودی حکومت کی مقبولیت ہضم نہیں ہورہی ہے جب کہ انہیں رائے عامہ کا احترام کرنا چاہئے تھا۔

NDA Trying to Convince Opposition Venkaiah Naidu

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں